• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کے مستقبل پر سوالیہ نشان برقرار

کراچی( اسٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت کی تبدیلی کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے مستقبل پر سوالیہ نشان برقرار ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے نامزد چیئرمین رمیز راجا کے بطور چیئرمین مستقبل کے بارے میں متضاد خبریں سامنے آرہی ہیں۔ بدھ کو رمیز راجا نے اپنے اسٹاف کے ساتھ ملاقات میں واضح طور پر کہا کہ انہیں کام جاری رکھنے کا سگنل مل گیا ہے، اب غیر یقینی صورتحال ختم ہوجانی چاہیے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے 30 کے قریب عہدیداران کو ملاقات کے لئے بلایا جو صرف15 منٹ جاری رہی۔ خیال رہے کہ رمیز راجہ 13 ستمبر 2021 کو پی سی بی کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے پچھلے دنوں عہدے سے استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ دوسری جانب بدھ کو حکومتی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ حکومت نے رمیز راجہ کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف نئے چیئرمین پی سی بی کیلئے گورننگ بورڈ کو 2نام دیں گے، بورڈ ایک نام تجویز کرے گا۔ واضح رہے کہ دو روزقبل سابق وزیر اعظم عمران خان نے بھی رمیز راجا کو اپنے مستقبل کے حوالے سے خود فیصلہ کرنے کی تجویز دی تھی ۔

اسپورٹس سے مزید