• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقلیتی برادری کے مسائل کا حل ترجیح ہے ‘ میئر پشاور

پشاور(جنگ نیوز )میئر پشاور حاجی زبیر علی نے کہا ہے اقلیتی برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی جبکہ کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور کے فنڈز کا پانچ فیصد حصہ اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا تاکہ ان کے درپیش مسائل حل ہوں وہ گزشتہ روز کیپٹل میٹرو پولین گورنمنٹ پشاور دفتر میں اقلیتی برادری کے وفد سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر چیئرمین پشتہ خرہ ہارون صفت ‘ ڈائریکٹر فنانس شوکت علی خان ‘ تاجر رہنماء محمد عدنان ‘ بشپ آرنسٹ جیکب‘ ہانوک حشمت ‘سیمسن جیکب ‘شمس نوید ‘ انجم نوید ‘ عامر شہزاد ‘ آصف کمار ‘ ہارون اسحاق ‘ اجمل البٹ ‘ ہارون برکت ‘ فواد اختری ‘ یاسر بھٹی ‘ ذیشان یعقوب اور دیگر بھی موجود تھے وفد نے درپیش مسائل پیش کئے اور مطالبات پیش کئے کہ اقلیتی برادری کے ممبران کو کمیٹی میں شامل ‘ قبرستان کا بندوبست ‘ کرسچن میرج سرٹیفیکیٹ میں رکاوٹ ختم ‘ چرچز کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے اور اقلیتی برادریوں کی تقریبات کے موقع پر بجلی و گیس لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کیا جائے جس پر میئر پشاور حاجی زبیر علی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ اقلیتی برادریوں پر مشتمل مائنارٹی ڈویلپمنٹل کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کے ذریعے ان کے مسائل پر مشاورت کی جائے گی اور فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ نادرا حکام اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سے کرسچن میرج سرٹیفیکیٹ سے متعلق بات چیت کریں گے اور اس کے حصول میں درپیش مسائل اور حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کے قبرستان کیلئے بائی پاس روڈ کے قریب زمین کو الاٹ کرنے کیلئے کوششیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سٹی کونسل کی کمیٹی برائے اقلیت کے ذریعے اقلیتی برادریوں میں کھیلوں کا سامان تقسیم کیا جائے گا تاکہ اقلیتی برادریاں بھی کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ میئر پشاور حاجی زبیر علی نے کہا کہ اقلیتی برادری کیلئے ہائوسنگ سوسائٹی کے قیام کیلئے کوششیں کی جائیں گی کیونکہ اس میں زیادہ تر لوگوں کا تعلق غریب گھرانوں سے ہے ۔ انہوں نے وفود کی اپیل پر سٹی کونسل پشاور میں اپنی میزبانی میں تقریبات کے انعقاد کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ اقلیتی برادریوں کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات اور ان کے مسائل کے حل میں ان کا بھر پور ساتھ دیں گے۔
پشاور سے مزید