راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) شہرو کینٹ سمیت مری روڈ‘ وارث خان روڈ‘ مصریال روڈ‘ رینج روڈ سمیت راولپنڈی کے مختلف مقامات پر ٹریفک جام معمول بن گیا۔ تھانہ وارث خان کے سامنے اور دائیں بائیں غیر قانونی تجاوزات اور موٹر سائیکل کی خریدو فروخت کی دکانوں اور شو رومز کی بھرمار نے عوام کا جینا محال کر دیا‘ رہی سہی کسر وارث خان روڈ پر میکینکس اور موٹر سائیکلوں کی خریدو فروخت کرنے والوں نے نکال دی ہے۔ آدھی سے زائد سڑکوں پر سرعام قبضہ کے باعث گاڑی گزرنا تو دور پیدل چلنا بھی مشکل ہو گیا۔ شہری رش کی وجہ سے گھنٹوں کڑکتی دھوپ میں کھڑے رہنے پر مجبور ہیں جبکہ مریض ہسپتالوں تک نہیں پہنچ پاتے۔ موٹر سائیکل ڈیلروں اور میکینکس کی ڈھٹائی اور غلط پارکنگ سے لڑائی جھگڑے اور گالم گلوچ معمول بن چکا ہے جس سے خواتین اور بچے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ اہل علاقہ نے مطالبہ کیا کہ موٹر سائیکل شورومز کو کسی اور مقام پر شفٹ کیا جائے۔ ادہر راولپنڈی کینٹ کے علاقہ مصریال روڈ اور رینج روڈ پر رش کے اوقات میں ٹریفک وارڈنز کی عدم موجودگی مسئلہ کو سنگین بنا رہی ہے۔ ہفتہ کی شام بھی مصریال روڈ پر ٹریفک عملے کی عدم موجودگی کے باعث نصیر آباد تھانہ سے چوہڑ بازار تک اور رینج روڈ پر ٹریفک جام میں بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنسی رہیں۔ قبرستان چوک، مصریال چوک اور رینج روڈ موڑ پر وارڈن ہمہ وقت موجودگی ضروری ہے۔