کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیم کو دوبارہ وکٹری اسٹینڈ پر لانے کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے دورہ یورپ پر چوتھے غیر ملکی کوچ کی تقرری کردی۔ ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین، گول کیپر کوچ باب جان ویلڈیف، آسٹریلیا کے فزیکل ٹرینر بیری کے بعد اب پنالٹی کارنر کیلئے بھی ڈچ کوچ رچرڈ اسنیچر کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔ آصف باجوہ کا کہنا ہے رچرڈ اسینچر صرف ہالینڈ میں ہی چند روز کی کوچنگ کریں گے،وہ پاکستان نہیں آئیں گے۔ پہلی بار ٹیم کے ساتھ چار غیر ملکی کوچز کام کررہے ہیں۔ رچرڈ اسنیچر نےکہا کہ کھلاڑیوں کو جدید انداز میں ڈریک فلیک کی ٹپس دی ہیں۔ آصف باجوہ نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو ماڈرن ہاکی کوچنگ کے ساتھ منسلک کرنا چاہتے ہیں اس ہی وجہ سے زیادہ سے زیادہ غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ دریں اثنا ٹیم نے بیلجئم میں مسلسل تیسرے روز بھی بھرپور ٹریننگ کی۔ گول کیپرز کے ساتھ بھی ٹرینگ کے الگ سیشن ہوئے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کی بیلجیئم میں پریکٹس سیشن کے موقع پر کھلاڑیوں نے مقامی ریپڈ کلب کے جونیئر کھلاڑیوں کو ٹریننگ دی۔