اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے توانائی کا چیئرمین بنائے جانے کا امکان ہے۔ جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ مصدق ملک وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈویژن ہوں گے اور وفاقی وزیر پٹرولیم ڈویژن کا عہدہ شہباز شریف کے پاس رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق، سابق وزیراعظم اور سابق وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم کی قومی ٹاسک فورس برائے توانائی کا چیئرمین مقرر کیا جارہا ہے جب کہ سینیٹر مصدق ملک کو وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈویژن بنائے جانے کا امکان ہے۔ اعلیٰ حکام نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف وفاقی وزیر برائے پٹرولیم ڈویژن کا عہدہ اپنے پاس رکھیں گے اور ڈاکٹر مصدق ملک آج (جمعرات) وزیرمملکت برائے پٹرولیم ڈویژن کے عہدے کا حلف اٹھاسکتے ہیں۔