اسلام آباد (آئی این پی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں سے نکالے گئے افراد کی دوبارہ شمولیت کیلئے اپیل کا طریقہ کار وضع کرنا خوش آئند ہے، ایسے مستحق افراد جو بغیر کسی وجہ کے نکالے گئے، انکی شمولیت یقینی بنائی جائے۔ بدھ کو وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت شازیہ عطاء مری نےملاقات کی جس میں وزیرِ اعظم کو وزرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے بلوچستان دورے کے دوران مستحق افراد کی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شمولیت اور طالبات کی تعلیم کو یقینی بنانے کے لئے وظائف و والدین کو امداد کے اعلان پر خراجِ تحسین پیش کیا۔