• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم شہباز اور حمزہ شہباز کی ضمانتوں میں توسیع

کراچی (نیوز ڈیسک) لاہور اسپیشل سینٹرل عدالت نے ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے وزیرِاعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ضمانتوں میں 14مئی تک توسیع کر دی۔ اسپیشل سینٹرل کورٹ کے جج اعجاز اعوان نے سماعت کی۔ ایف آئی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے کیس کے تفتیشی افسر علی مردان کا سندھ تبادلہ ہو گیا ہے۔ نئے تفتیشی افسر ندیم اختر نے بتایا کہ کل رات ہی مجھے کیس ملا ہے، ابھی جائزہ لینا ہے۔ دورانِ سماعت حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوگئے جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے حاضری سے معافی کی درخواست انکے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے دائر کی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ شہباز شریف بطور وزیرِ اعظم کابینہ کے اہم اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں، عدالت انکی ایک روزہ حاضری سے معافی کی درخواست منظور کرے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ یہ حاضری سے معافی کی درخواست ایسے کب تک چلے گی؟وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی مصروفیات سامنے رکھتے ہوئے استدعا ہے کہ سماعت عید کے بعد تک ملتوی کی جائے، عدالت کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ وہ خود عدالت پیش ہوں گے۔
اہم خبریں سے مزید