اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اینکر پرسن کی گرفتاری سے متعلق قیاس آرائی شرانگیز پراپیگنڈہ مہم کاحصہ ہے ، شک کی بنیاد پر پٹیشن دائر کرنے والوں کو ثبوت دینے چاہئیں تھے، یہ عمران صاحب کی فسطائی حکومت نہیں جس میں صحافیوں کو ٹارگٹ کیا جائے۔جمعرات کو اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ مہنگائی، بے روزگاری کا خاتمہ اور معیشت کی بحالی وترقی ہے، جمہوری حکومت عوام کی خدمت کیلئے آئی ہے، انتقام لینے کیلئے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا آئین شکن ، میڈیا اور عوام دشمن ٹولہ فیک نیوز نیٹ ورک بن چکا ہے، چار سال چینل، کالم، پروگرام بند کرنے، صحافیوں کی پسلیاں توڑنے والے آئینہ دیکھیں۔ بے روزگار ٹولے کے پاس عوام کو بتانے کیلئے کچھ نہیں، آئین شکن سیاسی طور پر زندہ رہنے کیلئے ردعمل کی سیاست پر جی رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹے جھوٹ نہ بولیں تو پھر سیاسی طور پر زندہ کیسے رہیں؟