• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمان صغیر

عید کے پُر مسرت موقعے پر سجنے سنوارنے، میک اپ کرنے کا ہر خاتون کا دل چاہتا، اور کیوں نہ چاہیے تہوار کا دن تو ہوتا ہی خوشیا ں منانے ،سجانے سنوارنے کے لیے۔ چوڑیوں کی کھنکھناہٹ ،منہدی کی خوش بو چارسو پھیلی ہو ئی ہوتی ہے۔ اس تہوار کے موقع پر رشتے داروں کے گھر ملنے جانا، ایک دوسرے کو دعوت پر بلانا ،بڑے بوڑھوں کا چھوٹوں کو عیدی دینا یہی تو عید کی خوب صورتی ہے۔

خوشیوں بھرے اس موقع پر ضروری ہے کہ دیگر تیاریوں کے ساتھ میک اپ پر بھی توجہ دیں۔ عید کے روز زرق برق ملبوسات زیب تن کرنے ساتھ ساتھ چہرے کا پر رونق ہونا بھی ضروری ہے۔ اس کے لیے سلیقے سے میک اپ کرنا لازمی ہے جو آپ کے حُسن کو چار چاند لگا دے گا۔ ذیل میں آپ کو میک اپ کے بارے میں چنداہم باتیں بتائی جارہی ہیں ،اسے آزما کر عید کے دنوں میں اپنی شخصیت کو جاذبِ النظر بنائیں، پھر دیکھے گاکوئی بھی آپ کےمیک اپ کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکے گا۔

……بیس……

اپنی جلد کی رنگت سے میل کھاتے فائونڈیشن سے بیس بنائیں۔ اگر گردن کی رنگت سے میل کھاتا کریمی یا اسٹک فائونڈیشن لگائیں تو زیادہ اچھا رہے گا۔ اسٹک چہرے پر لگاتے وقت اس بات کا دھیان رکھنا ضروری ہے کہ اسے ایک تہہ کی شکل میں نہ لگا ئیں، ورنہ مصنوعی پن ظاہر ہوگا، بیس کو قدرتی لگنے کے لیے انگلیوں کی پوروں یا اسفنج کو ہلکا سا نم کر کے پھیلا کر لگائیں، اس کو تھوڑا سے اوپر گالوں کی طرف لے جا کر پھیلائیں، اور اچھی طر ح بلینڈ کریں، تاکہ کوئی دھبہ نہ رہے۔ کانوں اور گردن پر بھی فاؤنڈیشن ضرور لگائیں ورنہ ان کی رنگت چہرے سے متضاد لگے گی۔

……کنسیلر……

بعض خواتین کی آنکھوں کے نیچے گہرے حلقے ہوتے ہیں ،اس کو چھپانے کے لیے کنسلیر کا استعمال کریں۔ چہرے پر موجود چھائیوں اور داغ دھبوں کو بھی کنسلیر سے چھپایا جاسکتا ہے۔

……پاؤڈر……

اس کے بعد چہرے پر برش کی مدد سے لوز پاؤڈر لگائیں، اگر پاؤڈر کی رنگت سنہری یا زردی مائل ہو تو چہرے کی دل کشی میں اضافہ ہوگا۔ پاؤڈر کا استعمال چہرے کی رنگت کے مطابق بھی کیا جا سکتا ہے۔ بے رنگ پائوڈر بھی اچھا تاثر دیتا ہے۔ میک اپ پر دھبوں سے بچنے کے لیے برش کی مدد سے چہرے کا فالتو پاؤڈر ہٹادیں۔ لوز پاؤڈر لگانے سے بیس دیر تک صحیح رہتی ہے۔

……آئی شیڈ و……

میک اپ میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل آنکھوں کا میک اپ ہوتا ہے ۔واضح رہے جس رنگ کے آپ کے کپڑے ہوں ،اسی سے ملتے جلتے میٹ آئی شیڈو استعمال کریں۔ اگر آپ کو رات کی دعوت میں جانا ہے تو گہرے یا اسموکی رنگوں کا استعمال کریں، تاہم دن کی تقریب میں ہلکے اور ٹھنڈے رنگوں کے آئی شیڈاستعمال کریں۔ آنکھوں کے پپوٹوں پر زردرنگ کے چمکدارآئی شیڈکی بالکل ہلکی سی تہہ لگائیں اور کافی دیر تک بلینڈ کریں۔ 

بھنوؤں کے نچلے حصے پر ہلکا رنگ استعمال کریں، قدرتی انداز دینے کے لیے وہاں زرد اور سنہری رنگت کا استعمال مناسب رہے گا۔ اب آئی لائنر لگائیں، لائنر تین طر ح کے آتے ہیں (کیک ،لیکوئیڈ اور پینسل) آپ اپنی مرضی سے کوئی سا بھی استعمال کرسکتی ہیں۔ کیک لائنر پپوٹوں کے ساتھ ساتھ برش کی مدد سے پتلی لائن کی صورت میں لگائیں۔ دن کی دعوت میں برائون رنگ کا لائنر لگائیں۔ نچلی پلکوں پر کاجل بھی لگایا جا سکتا ہے۔

……مسکارا……

اس کو لگانے سے آنکھوں کی دل کشی میں اضافہ ہوتا ہے۔ ایک بار مسکارا پلکوں پر برش کی مدد سے لگائیں، جب سوکھ جائے توبرش کو اوپر کی جانب خم دیتے ہوئے دوسرا کوٹ کریں۔ اس طرح پلکیں گھنی اور نوکیلی لگیں گی۔ آج کل ہر رنگ کے مسکارے ملتے ہیں۔ اس لیے آنکھوں پر لباس کی مناسبت سے یا کالے رنگ کا مسکارا بھی لگایا جا سکتا ہے۔

……بلش آن……

اگر آپ پاؤڈر بلش آن استعمال کر رہی ہیں تو اپنے گالوں کو ہلکا سا اندر کی طرف کر لیں اور پھر نیچے سے اوپر کی طرف بلش آن لگائیں اور آنکھوں کے کناروں تک لے جائیں۔ اسی طرح اگر آپ کریمی بلش آن لگارہی ہیں تو چند ڈاٹس لگائیں اور ہلکا سا مسکرائیں اور اس کو انگلی کی مدد سے پھیلا لیں۔

……لپ اسٹک……

یہ پورے میک اپ میں سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔اس کے بغیر میک اپ مکمل نہیں ہوتا۔ اس کا انتخاب کپڑوں کے رنگ کی مناسبت سے کیا جائے تو زیادہ اچھا رہے گا۔ ویسے آج کل تو ہر رنگ کی لپ اسٹک آسانی سے مل جاتی ہے۔ لپ اسٹک لگانے سے پہلے ہونٹوں پر ہلکی سی گلیسرین لگائیں ،اسے لگانے سے نمی بر قرار رہتی ہے، اب فاؤندیشن کی تہہ لگا کر لپ پینسل سے آؤٹ لائن بنالیں۔ اگر موٹے ہونٹ ہیں تو ذرا سا اندر اور پتلے ہونٹ ہوں تو ذرا سی باہر کی طرف لائن بنائیں اور پھر صفائی کے ساتھ اندر کی طرف تھوڑی ہلکے رنگ کی لپ اسٹک لگائیں۔ 

چاہیں تو ہلکا سا شائنر لگا لیں یا پھر لپ گلوز بھی لگا سکتی ہیں۔ لپ گلوز لپ اسٹک کی خوب صورتی میں چار چاند لگادیتا ہے۔ آخر میں اپنے پورے چہرے کا اچھے سے جائزہ لیں اگر ضرورت محسوس ہوتو ہلکا سا فیس پائوڈرکا ٹچ دے دیں۔ یہ تو میک اپ مکمل ہوگیا اب باری آتی ہیئر اسٹائل کی ،اس کےبغیر تو تیاری ادھوری ہے۔

……ہیئر اسٹائل……

بالوں کو سلجھا کر سیدھی مانگ نکال لیں۔ اب ماتھے کے اوپر سے دائیں اور بائیںطرف سے دو پتلی چوٹیاں کر لیں ، اگر بال کھلے چھوڑنا چاہتی ہیں تو چھوڑ دیں، ورنہ چوٹی باندھ لیں، اسٹائل تیارہے۔اسی طرح بالوں کا ایک اور انداز اپنا سکتی ہیں، بالوں کو اوپر کر کے گول گھمائیں اور پھر U شیپ دیتے ہوئے سر کی طرف موڑیں اور پھر پِن لگا لیں۔ 

آپ کا اسٹائل ریڈی ہے۔ اسی طرح چند بال سلیقے سے الگ کر کے ذرا سختی سےبالوں کی پونی ٹیل بنالیں۔ اب چھوڑے ہوئے بالوں کی چھوٹی چھوٹی چوٹیاں بنا کر ربڑ بینڈ والے حصے پر فولڈ کر لیں اور نیچے کی طرف پِن سے باندھ لیں۔ اپنی پسند کی جیولری پہن لیں۔ لیجئے دعوت عید کے لیے تیاری مکمل ہو گئی۔