خدیجہ عمر
عید کے دن یقیناً آپ کچھ نہ کچھ خاص اہتمام تو ضرور کریں گی۔ دعوت کے پکوان کے ساتھ ساتھ گھر کی تزئین وآرائش پر بھی توجہ مرکوز ہوگی، کیوں نہ ایسے میں ہم آپ کی مدد کردیں۔ ڈرائنگ روم ،بیڈ رومز اور ٹی لاؤنج کی سجاوٹ عموماً آسانی سے کرلی جاتی ہے لیکن آخر میں جو سب سے اہم مسئلہ ہوتا ہے وہ کھانے کی ٹیبل کی سیٹنگ ہوتی ہے، جس کے لیے خواتین کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ان کو سمجھ نہیں آتا کہ کس طر ح سے ٹیبل کو سلیقہ مندی سے سیٹ کیا جائے۔
کھانا لگانا اور برتنوں کو صحیح انداز میں رکھنا خواتین کے ذوق اور سلیقے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ لیکن اس کو سجانا آسان کام نہیں ہوتا۔ اسے سادہ اور منفرد طریقے سے سجانا بھی ایک فن ہے۔ عموماً دیکھا گیا ہے کہ خواتین کھانے کی میز کو نظرانداز کر دیتی ہیں۔ میز کے ایک طرف پلیٹیں گلاس رکھ دیے جاتے ہیں اوردرمیان میں کھانا۔ یہ مناسب طریقہ نہیں ہے، اس سے مہمانوں کو بھی پریشانی ہوتی ہے۔ اس عید پر ہمارے طریقے سے میز سجائیں اور مہمانوں سےتعریف وصول کریں۔
گھر کی میز جتنی کرسیوں پرمشتمل ہے،اسی مناسبت سے ہر کرسی کے آگےمیز پر کھانے کی پلیٹ کے ساتھ ایک چھوٹی پلیٹ، کانٹا،چمچہ ،گلاس، جس میں ٹشوپیپر رکھیں۔ پلیٹ کے برابر میں نیپکن رکھیں۔ میز سجاتے ہوئے،اس بات کا خیال رکھیں کہ میزپوش ایسے رنگ کا استعمال کریں ،جس سے چیزوں کے اردگرد کا رنگ اور ڈیزائن نمایاں نظر آئے۔ اگر آپ کی میز سادی ہے تو اسے پھول دار برتنوں سے سجائیں۔ سب سے اہم کام ڈائننگ ٹیبل پر برتن اور دیگر سامان سلیقے سے ترتیب دینا ہے۔ اس سے آپ کی سلیقہ مندی کا اندازہ ہوتا ہے۔دعوت میں ایک سے زائد پکوان کے علاوہ سلاد اور میٹھا بھی ہوتا ہےاس لحاظ سے بھی میز پر پلیٹیں رکھیں۔
سادہ ٹیبل کی سیٹنگ کے پیش نظر دعوتوں جیسے خصوصی مواقع کے لیے خصوصی ٹیبل یا دسترخوان کی سیٹنگ کی جاسکتی ہے۔ سب سے پہلے میز کے لیے وسیع ڈنرشیٹ بچھائیں۔ خوبصورت میز پوش یا ڈنرمیٹس کا انتخاب کریں۔ اگر دسترخوان لگا رہی ہیں تو افراد کی تعداد کے مطابق میٹس سیٹ کریں۔ ہر میٹ کے سامنے بیٹھنے کے لیےآرام دہ فلور کشن لگائیں۔ اب ہر مہمان کے لیے میٹ پر برتن ترتیب دیں۔ اوپری دائیں جانب پانی اور مشروب کے الگ الگ گلاس رکھیں۔
درمیان میں ڈنر پلیٹ اور اس کے اوپر سلاد کی چھوٹی پلیٹ رکھیں۔ پلیٹ کے برابر سیدھے ہاتھ پر ڈنر کے لیے چھری اور کھانے کا چمچہ رکھیں۔ پلیٹ کے برابر بائیں جانب ڈنر کا فورک یعنی بڑا کانٹا اور سلاد کے لیے چھوٹا کانٹا رکھیں۔ پلیٹ کی سیدھ میں اوپر کی جانب میٹھا کھانے کے لیے چمچہ (چھوٹے سائز) کا رکھیں۔
اوپری بائیں جانب میٹھا کھانے کی چھوٹی پلیٹ یا پیالی رکھیں۔ دسترخوان یا ٹیبل کے درمیان میں کھانے کی ڈشز رکھیں۔ لیجئے سلیقہ مندی سے سجی دعوتِ عید کی خوب صورت ڈنر ٹیبل تیار ہے ۔مہمان آپ کی ٹیبل کی سجاوٹ کی داد دئیے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔