کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ اگلے سال پی ایس ایل کے آخری سات میچوں کے ساتھ خواتین کی پی ایس ایل کرانے کی بھی منصوبہ بندی کررہاہے۔اس منصوبے پر سنجیدہ نوعیت کی پلاننگ اب حتمی مراحل میں ہے۔پاکستان دنیا کا پہلا ملک ہوگا جسے خواتین کی انٹر نیشنل ٹی ٹوئنٹی لیگ کرانے کا اعزاز حاصل ہوگا۔ٹورنامنٹ میں دوپہر میں خواتین اور شام کو مردوں کی پی ایس ایل کے میچ ہوں گے۔تماشائی ایک ٹکٹ میں دو مزے کرسکیں گے۔پی سی بی کو پروڈکشن کا اضافی خرچہ بھی برداشت نہیں کرنا پڑے گا۔بجٹ پر کام ہورہا ہے توقع ہے کہ ایک کھلاڑیوں کو 30سے50ہزار ڈالرز ملیں گے۔ذمے دار ذرائع کے مطابق پی سی بی نے خواتین پی ایس ایل کرانے کے لئے منصوبہ بندی کر لی ہے۔چار ٹیموں کا ٹورنامنٹ شہروں کے نام سے منسوب ٹیموں کے درمیان ہوگا۔ہر ٹیم میں چار سے پانچ غیر ملکی اور ایک سے دو غیر ملکی ہوں گی۔سنگل لیگ کے تحت ہونے والے ٹورنامنٹ کے مجموعی سات میچ ہوں گے ہر ٹیم کو تین تین میچ ملیں گے۔پی سی بی غیر ملکی کھلاڑیوں کو مدعو کرنے کے لئے ان کے ایجنٹ یا بورڈ کے ذریعے رابطہ کیا ہے توقع ہے کہ آسٹریلیا ،انگلینڈ،نیوزی لینڈ،جنوبی افریقا اور سری لنکا کی کھلاڑی شرکت کریں گی۔بھارتی کھلاڑیوں کو شرکت کی دعوت نہیں دی جائے گی۔