لاہور(نمائندہ جنگ)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی کے نظریئے و منشور کی اساس محنت کشوں کی ترقی ہے۔ ایم پی اےفریال تالپور کہتی ہیں کہ پی پی پی حکومتوں نے مزدوروں کو متعدد تحفے دیئے ہیں۔ ایک پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے تمام محنت کش طبقات کو یومِ مزدور کی مبارکباد،جب تک مزدور کے حالات نہیں بدلیں گے، ملک میں پائیدار ترقی کا خواب نامکمل رہے گا، بھٹو کی پیش کردہ لیبر پالیسی مزدوروں کے حقوق کے لیے کسوٹی کا درجہ رکھتی ہے۔انہوں نے موجودہ اتحادی حکومت کی جانب سے کم سے کم اجرت 25 ہزار روپے تک بڑھانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و ایم پی اے فریال تالپورنے کہا کہ قومی تعمیر میں محنت کشوں کا حصہ سب سے زیادہ اور قیمتی ہوتا ہے۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی قیادت، حسن مرتضی، شہزاد سعید چیمہ، عثمان سلیم ملک، نیلم جبار نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مزدوروں اور کسانوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شگاگو کے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ادھرمحنت کشوں کے عالمی دن پر مزدور تنظیموں کی جانب سےلاہور میں ریلولے سٹیشن، پریس کلب ، مال روڈ پر دن بھر جلسے جلوس کئے گئے ، شرکا نے سرخ پرچم اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے لکھے تھے۔مظاہرین مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔