اسلام آباد (خبرایجنسی ) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ مون سون کی معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان، سیلاب کا خدشہ ہے، متعلقہ حکام تمام تر پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ قومی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام اور متعلقہ مقامی حکام مون سون کی معمول سے زیادہ بارشوں کے ممکنہ تباہ کن اثرات سے نمٹنے کیلئے تمام تر پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اس سال ملک کے بیشتر حصوں اور شمالی حصوں میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت اور بارشوں کا امکان ہے، سیلاب اور تیز بارشوں سے لوگوں کی زندگیوں اور معاش کے ساتھ ساتھ عوامی انفراسٹرکچر کو بھی شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔