ملتان (سٹاف رپورٹر) لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب نے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بہاولپور اور دیگر کے خلاف انکوائری کے احکامات جاری کردیے ۔ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملتان کو انکوائری آفیسر مقرر کرکے پندرہ دن کے اندر حقائق پر مبنی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ یونین کونسل سیکرٹری 84رحیم یار خان مس فائزہ نےسیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو درخواست ارسال کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیکرٹری یونین کونسل نمبر 51 رحیم یار خان نے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بہاولپور سے ملی بھگت کرکے مجھے تنگ کرنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے اور یونین کونسل 53کا چارج دینے کے باوجود نائب قاصد کو میرے گھر بھیج دیتا ہے کہ مجھ سے بات کرو ، ایک بار نشہ کی حالت میں میرے گھر آگیا اور مجھ سے فون پر بات کرنے کیلئے دروازہ کھڑکاتا رہا ۔ مجھے سنگین نتائج ، جانی و مالی نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں اگر میرے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ ہوتا ہے تو سیکرٹری یونین کونسل احمد اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بہاولپومیاں خالد ذمہ دار ہوں گے جس پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملتان کو انکوائری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔