ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے ہول سیل ڈیلرز، فلور،ریلٹیر، پولٹری ایسوسی ایشن کے وفود سے ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو گرانفروشوں،ذخیرہ اندوزوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔حکومت پنجاب کی مصنوعی مہنگائ مافیا کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کے واضح احکامات ہیں۔پرائس لسٹ آویزاں نہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انتظامیہ کو گرفتاریاں مقصود نہیں ہیں مگر عوام کی جیبیں کاٹنے نہیں دیں گے۔ ڈاکٹر ارشاد احمد نے ناجائز منافع خوری پر سخت کریک ڈاؤن کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اشیاءخوردونوش کی قلت میں ملوث کمیشن مافیا کو جیل بھجوائیں۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بڑے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں پر ہاتھ ڈالیں۔جو ریٹ تاجروں کے ساتھ مل کر طے کیا جائے اس پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ منصوعی مہنگائی کرنے والوں سےسختی سے نمٹا جائے گا۔ضلعی افسران بازاروں میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ضلعی افسران منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو بھی مانیٹر کررہے ہیں۔ ایسوسیشنز کا کلیدی کردار ہے، عوامی ریلیف کیلئے انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر تاجر برادری نے حکومتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اجلاس میں ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز، متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔