• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائیکورٹ، PTI کی بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواست مسترد

کراچی (آئی این پی) عدالت عالیہ سندھ کے چیف جسٹس جناب جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں قائم ڈویزن بینچ نے پاکستان تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی صوبے بھر میں اعلان کردہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر حکم امتناع جاری کرنے کی درخواست کو مسترد کردی۔ جمعہ کو آئینی درخواست کی سماعت کے موقع پر دونوں سیاسی جماعتوں کی درخواست استدعا مسترد کرتے ہوئے حکومت سندھ اور الیکشن کمیشن کو آئندہ سماعت پر ہر صورت جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ مقدمے کی آئندہ سماعت 24مئی کو ہوگی۔ جمعہ کو سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت جب تک تحریری جواب جمع نہیں کراتے بلدیاتی الیکشن کی تاریخ والے نوٹیفکیشن کو معطل کیا جائے جس پر چیف جسٹس سندھ نے ریمارکس دیئے سوری، ہم بلدیاتی انتخابات نہیں روک سکتے۔چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اس طرح ہم انتخابات کیسے روک سکتے ہیں جب کہ بلدیاتی الیکشن کرانے کا سپریم کورٹ کا حکم نامہ بھی موجود ہے۔ جس پر جی ڈی اے کے وکیل نے دلیل دی کہ سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات سے پہلے قانون میں ترامیم کا حکم بھی دیا تھا جسکے بغیر بلدیاتی انتخابات سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہوں گے۔جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جن محکموں کے قوانین میں ترمیم کا حکم دیا گیا تھا وہ بلدیاتی انتخابات کے بعد بھی ہوسکتی ہیں۔

ملک بھر سے سے مزید