کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر اور صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ 15مئی کو ائیرپورٹ ٹرمنل ون (اولڈ ائیرپورٹ) پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا ۔ الیکشن کروانے کا آئینی اختیار اب شہباز شریف کے پاس ہے، عمران ڈکٹیشن نہ دے، مدت اسمبلیوں کی ہوتی ہے، وزیر اعظم کی نہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ اسمبلی 2023 تک کی اپنی مدت پوری کرے۔عمران نیازی اس ملک کی معیشت کی بربادی کی وجہ ہے اور اس وقت یہ ملک کے لئے سب بڑی تھریٹ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اپنے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، سردار نزاکت، راشدخاصخیلی، محمد آصف خان، سردار خان اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ 15 مئی بروز اتوار کو شام 5 بجے، اولڈ ٹرمینل پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نہ صرف پرتپاک استقبال کیا جائے گا بلکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس موقع پر خطاب بھی کریں گے۔ اس سلسلے میں کراچی ڈویژن اور کراچی کے تمام ڈسٹرکٹ اور ذیلی تنظیموں کی جانب سے بھرپور تیاریاں کرلی گئی ہیں اور گرمی کے پیش نظر پانی کی سبییلں، پیپلز ڈاکٹرز فورم کراچی کے تحت طبی کیمپ، ڈاکٹرز اور ایمبولنس بھی موجود رہیں گی جبکہ شہر بھر میں استقبالیہ کیمپ بھی منعقد کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کے لیے کبھی امپائر کی انگلی نہیں اٹھے گی، اب فیصلہ عوامی رائے سے ہوگا۔