• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، 2 سکھ تاجر قتل، احتجاجاً روڈ بلاک، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کا نوٹس

پشاور(نمائندہ جنگ )سربند کے بٹہ تل بازار میں ٹارگٹ کلرز نے فائرنگ کرکے سکھ برادری کے دو افراد کو قتل کردیا اور واردات کے بعد نامعلوم افراد فرار ہوگیا.

 واقعہ کے بعد سیکھ برادری کے افراد نے صوبائی اسمبلی کے سامنے سڑک کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بلاک کرکے احتجاج مظاہرہ کیا،جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیر خا رجہ بلا ول بھٹونے بھی و اقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے.

پولیس حکام نے واقعہ کو ٹارگٹ کلنگ قراردیا ہے ، پولیس کے مطابق واقعہ سربند کی حدود بٹہ تل بازار میں پیش آیا جہاں سکھ برادری کے سلجیت سنگھ اور رنجیت سنگھ دکان میں بیٹھے تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد نے آکر انہیں فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔

فائرنگ کے واقعہ کے بعد بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے تھے جبکہ پولیس بھی جمع ہوگئی تھی اور نعشوں کو تحویل میں لیکر مردہ خانے منتقل کیا گیا، پولیس نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے خالی خول سمیت دیگر شواہد بھی اکٹھے کئے اوربازار میں موجود بعض افرا کے بیانات بھی قلمبند کئے گئے،پولیس نے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج پر بھی کام شروع کردیاہے جبکہ حساس ادارے سے بھی رابطے شروع کردیئے گئے ہیں ۔

مقتول سلجیت سنگھ کی عمر 42 سال جبکہ رنجیت سنگھ کی عمر 38 سال بتائی جاتی ہے جو ڈبگری کے رہائشی ہیں اور بٹہ تل بازار میں ان کی مصالحے کی دکانیں تھیں۔

سی سی پی او پشاور اعجاز خان نے دیگر افسران کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا او رمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک سکھ کو دکان کے اندر جبکہ دوسرے کو دکان کے باہر فائرنگ کرکے شہید کیا گیا ، نامعلوم ملزمان نے واردات کیلئے کلاشنکوف کا استعمال کیاجو موٹرسائیکل پر آئے تھے .

 انہوں نے کہا کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کی واردات تھی،سی سی پی او نے مزید کہا کہ یہ علاقہ باڑہ کے بارڈرپر واقع ہے جبکہ نامعلوم افراد واردات کے بعد شورش زدہ علاقے کی طرف فرار ہوچکے ہیں جہاں آپریشن بھی کیا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں سی سی پی او نے کہا کہ ریاست مخالف افراد ملک کو کمزورکرنا چاہتے جنہوں نے کسی ایک کمیونٹی کو ٹارگٹ نہیں کیا بلکہ پوری کمیونٹی کو ٹارگٹ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ دہشتگردی کا ہے اور وہ چیک کررہے ہیں کہ آیا یہ سی ٹی ڈی کی جانب سے ان علاقوں میں جاری آپریشن کا ردعمل تو نہیں یا یہ کوئی اور گروپ ہے جو اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں.

 واقعہ کے بعد سکھ برادری کے افراد نے بڑی تعداد میں نکل کرسوری پل کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا اور روڈ کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا، مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر معصوم سکھوں کے خون کا حساب دو ، ہمیں انصاف دیا جائے وغیرہ کے نعرے درج تھے۔

اہم خبریں سے مزید