پشاور (نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور پر مشتمل سنگل بینچ نے لاکھوں روپے مالیت کی آئس اور چرس سمگل کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزم فضل مولا کی ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کردیئے ملزم کی جانب سے کیس کی پیروی ملک شہباز ایڈووکیٹ نے کی استغاثہ کے مطابق ملزم کو پولیس اسٹیشن نستہ کے اہلکاروں نے چرس اور آئس سمیت 9 اپریل 2022 کو گرفتار کرلیا ماتحت عدالت سے ضمانت خارج ہونے پر ملزم نے پشاور ہائیکورٹ میں ضمانت کیلئے درخواست دائر کردی دوران سماعت ملزم کے وکیل ملک شہباز نے عدالت کو بتایا کہ اس کے موکل کو گرفتار کئے ہوئے ایک مہینے سے زائد ہو گیا لیکن ابھی تک ایف ایس ایل رپورٹ نہیں آئی اس کے ساتھ ساتھ پولیس کی جانب سے پیش کردہ بیانات میں بھی تضاد پایا جاتا ہے اس لئے اس کے موکل کو جیل میں بند نہیں رکھا جا سکتا اس دوران عدالت نے وہاں موجود سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ ابھی تک ایف ایس ایل رپورٹ فائل پر موجود کیوں نہیں ہے جس کا وہ خاطر خواہ جواب نہ دے سکے عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ملزم کی ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کردیئے۔