لاہور(نمائندہ جنگ )پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ شیریں مزاری کوخواتین ،مجھے دونوں بارمرد اہلکاروں نے گرفتار کیا،جب میری عمر 16سال تھی مجھےبے گناہ مقدمے میں4ماہ اڈیالہ جیل اورڈیتھ سیل میں رکھا گیا۔
رات کے 12 بجے مرد اہلکار دھاوا بولتے اوروڈیو بناتے تھے،ایک بار کھڑکی سےدیکھا تو نیب افسراندھیرے میں کھڑے تھے ،نیب میں میرے ساتھ جو کچھ کیا گیا وقت آنے پر سب سامنے لائوں گی۔
کہاں کہاں کیمرے لگائے ہوئے ہوئے تھے اورکیا کرتے تھے، میں نے زبان کھولی کہ میرے ساتھ کیا کیا ہوا تو بات بہت دور تک جائے گی ،مزاری کی گرفتاری میں عورت کارڈکا استعمال مناسب نہیں، میں عمران کی بیٹی کی عمر کی ہوں، عمران خان ابھی بھی لاڈلہ ہے۔
نواز شریف اس سسٹم کا لاڈلہ نہیں لیکن عوام کا لاڈلہ ضرور ہےجس کویہ بار بار نکالتے ہیں لیکن عوام اسے بار بار لاتے ہیں ، عمران نے آئین کو توڑانہیں بلکہ کچلا اور روندا ہے اگر یہ حرکت نواز شریف ،شہباز شریف اور مریم نواز نے کی ہوتی تو دعوے سے کہتی ہوں ہماری لاشیں چوکوں میں ٹنگی ہوتیں ۔
سوشل میڈیا کےکارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف کا بزنس کمیونٹی سے خطاب سن کرتازہ ہوا کا جھونکا محسوس ہوا اور اس طرح کی تقریر سننے کے لئے چار سال سے کان ترس گئے ،ہمیں تو یہ عادت ہوا کرتی تھی میں ائیر کنڈیشنڈ اتروا دوں گا ، بیٹی کو پکڑ لو ،ماں کو پکڑ لو،بہن کو پکڑ لو۔
اگر میںنے نواز شریف کو تنگ نہ کیا تو تم دیکھنا ، انتقام انتقام انتقام کے الزامات کے علاوہ چار سال میں کوئی بات نہیں سنی،اسی کا نتیجہ ہے کہ آج پاکستان معاشی طور پر وینٹی لیٹر پر ہے ،چار سال میں پاکستان کے ساتھ جو کیا گیا اس کا خمیازہ پاکستان بھگت رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ٹی وی سے پتہ چلا کہ شیریں مزاری صاحبہ گرفتار ہو گئیں، مجھے خوشی نہیںہوئی ،لیکن ان پر یہ مقدمہ بزدار حکومت میں بنا ، 800کنال کی سرکاری اراضی کوبوگس کمپنی کے نام منتقل کرایا گیا۔