کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ سیگفرایڈ ایکمین اور منیجر خواجہ جنیدایشیا کپ اور ورلڈکپ سے باہر ہونے کے باوجود ٹیم کی کارکردگی پر پھولے نہیں سمارہے۔ انہوں نے اچھے مستقبل کا لالی پاپ دے کر قوم کا غصہ ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی ہے۔پاکستان ہاکی ٹیم نے پول میچز میں بھارت کے خلاف میچ ڈرا کھیلا، جاپان سے شکست کھائی جبکہ انتہائی کمزور میزبان ٹیم انڈونیشیا کو زیر کرنے میں کامیاب رہی۔ اس کے باوجودہیڈکوچ نےٹیم کی کار کردگی کو تسلی بخش قرار دیا اور کہا کہ جاپان کے خلاف ہم جیت کے نزدیک آکر فتح سے دور ہوگئے، ایونٹ سے ثابت ہوا کہ کھلاڑیوں کو دبائو میں کھیلنے کا فن آگیا ہے۔انہوں نے صلاحیت دکھائی لیکن اسے ثابت نہیں کرسکے۔ کھیل میں بہتری آرہی ہے، ہمارا اگلا ٹورنامنٹ کامن ویلتھ گیمز ہے۔ صرف پانچ ماہ سے کوچنگ کررہا ہوں، ٹیم کو بہتر بنانے کیلئے ایک سال کی ضرورت ہے۔ ورلڈ کپ 2023 سے محروم ہونا پاکستان ہاکی کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے، ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرنے والی چاروں ٹیمیں اس کی مستحق تھیں۔ ورلڈ کپ کا ٹکٹ ہمیں مزید مضبوط بنا دیتا۔ امید نہیں ہاری اور پراعتماد ہوں۔ آپ کو ہر گزرنے والے ایونٹ کے ساتھ ایک بہتر اور زیادہ جارحانہ پاکستان ہاکی ٹیم نظر آئے گی۔ ٹیم کے منیجر خواجہ جنید نے کہا کہ جاپان کے خلاف دو آسان گول ضائع ہونے اور اور دو گول مسترد ہونے کی وجہ سے ہم جیت نہیں سکے، جنید اور اعجاز نے آخری پندرہ منٹ کے دوران گول کے چانس ضائع کئے،میں نے پاکستان کو اس طرح کی اتھارٹی کے ساتھ کھیلتے ہوئے کبھی نہیں دیکھا، پھر بھی ہم ہارے ہوئے سائیڈ پر گئے۔