لاہور(وقائع نگار خصوصی) بین الاقوامی فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان کے خلاف دائر مقدمات کو خود سنیں اور ان کو سپریم کورٹ بلائیں، اپنی رہائش گاہ پر اپنے وکیل عدنان رامے کے ہمراہ پریس کانفرنس میں محمود بھٹی نے کہا کہ مجھے یتیم خانہ بنانے کا شوق ہے۔میری ملتان روڈ پر ایک مربع زمین ہے ایک سینئر وکیل کو اپنا اتھارٹی لیٹر دیا اور اس نے زمین اپنے اور اپنی بیوی کے نام کروا لی۔انہوں نے کہا کہ کفن کو جیب نہیں لگی ہوتی۔سب کچھ یہاں ہی رہ جانا ہے ۔اس وکیل نے مجھ پر بارہ جھوٹے کیس درج کروا دیئے۔ اوورسیز پاکستانی پاکستان کی مدد کررہے ہیں اور ان کے ساتھ پاکستان میں ایسا سلوک ہونا ان کے ساتھ زیادتی ہے۔پاکستان میں رات بارہ بجے عدالتیں کھلتی ہیں اور ساڑھے بارہ بجے فیصلہ ہو جاتا ہے ۔مجھے بھی اسی طرح انصاف دیا جائے اور اگر یتیم خانہ بنانا جرم ہے تو مجھے اس پر سزائے موت دے دی جائے۔