• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منشیات سے پاک پشاور مہم، منشیات کے عادی افراد کی بحالی بارے آپریشن جاری

پشاور(جنگ نیوز)صوبائی درلحکومت پشاور میں کمشنر پشاور ریاض خان محسود اور ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی زیر نگرانی منشیات سے پاک پشاور مہم زور و شور سے جاری ہے اور ضلعی انتظامیہ پشاور کی زیر نگرانی دیگر محکمے اور ویلفیئر آرگنائیزیشن اس مہم میں شریک ہیں۔ ضلعی انتظامیہ پشاور کے انتظامی افسران کی نگرانی میں دیگر محکموں کے افسران اور ویلفیئر آرگنائیزیشن کے سٹاف کے ہمراہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے حوالے سے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں اور منشیات کے عادی افراد کو بحالی سنٹرز منتقل کیا جا رہا ہے۔ پشاور میں ابتک 1000سے زائد منشیات کے عادی افراد کو بحالی مراکز منتقل کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کے مطابق منشیات کے عادی افراد کی فیملی سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ ان میں کچھ افراد میں ایچ ائی وی اور دیگر امراض پائے گئے ہیں جن کو باقی افراد سے الگ کر کے خصوصی علاج کیا جا رہا ہے۔ بحالی سنٹروں میں جم کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ان افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انتظامی افسران سمیت محکمہ صحت سماجی بہود، ویلفیئر آرگنائزیشن کے نمائندوں اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں منشیات سے پاک جاری مہم کے حوالے سے تفصیل سے بات چیت کی گئی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اس حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے فلاحی مراکز کا دورہ کرتے ہوئے نشے کے عادی افراد کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا اور اس حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ ان فلاحی مراکز میں ان افراد کافری علاج کیا جائے گا تاکہ وہ نشہ آور اشیاء کو ترک کر کے باعزت شہری کی طرح معاشرے میں زندگی گزار سکیں۔ واضح رہے کہ پشاور میں منشیات سے پاک پشاور مہم کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں پر تمام محکموں کے نمائندے ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔ کنٹرول روم سے تمام کارروائیوں کو براہ راست مانیٹر کیا جا رہا ہے اور عوام کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن نمبر 091-9214029قائم کی گئی ہے۔عوام اس نمبر پرمنشیات کے عادی افرادکے بارے میں اطلاع کر سکتے ہیں. پشاور میں نشئی افراد کے خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی
پشاور سے مزید