• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت بلتستان میں خودکشی کے سدباب کے لیے لائحہ عمل تشکیل

اسلام آباد (قاسم عباسی) گلگت بلتستان میں خودکشی کے سدباب کے لیے لائحہ عمل تشکیل دے دیا گیا ہے۔ جس کے تحت کالجز اور اسکولوں میں ہر ہفتے سماجی۔نفسیاتی کونسلنگ سیشن کا انعقاد کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق، حکومت گلگت بلتستان نے خودکشی کے بڑھتے واقعات کے سدباب کے لیے لائحہ عمل تشکیل دے دیا ہے۔ ملک بھر میں ہونے والے خودکشی کے واقعات میں سے 90فیصد گلگت بلتستان میں وقوع پذیر ہوئے۔ گزشتہ روز گلگت بلتستان سیکرٹریٹ نے گلگت بلتستان میں خودکشی سے تحفظ اور بچائو کے لائحہ عمل کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ دی نیوز کے پاس موجود دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے ہر کالج اور اسکول میں ہر ہفتے سماجی۔ نفسیاتی کونسلنگ سیشن کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس کی تفصیلات اسٹیک ہولڈرز کو جلد بتادی جائیں گی۔ دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز ٹیمیں بنائیں گے، جن کی معاونت محکمہ صحت، محکمہ تعلیم اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے ہم منصب افسران کریں گے۔ جب کہ ٹیموں میں سول سوسائٹی کے اداروں اور سماجی کارکنوں کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ منصوبے پر عمل درآمد کیا جاسکے۔ تمام کمشنرز اپنے ڈویژنز میں سرگرمیوں کا کلینڈر تشکیل دیں گے، جب کہ سیکرٹری صحت ، ڈی جی اسکولز، ڈائریکٹرز کالجز اور محکمہ صحت کے ماہر نفسیات کے تعاون سے تمام طلباء کی ذہنی صحت کے مسائل سے متعلق ماہانہ جانچ طریقہ کار پر عمل درآمد کا اجراء کریں گے۔

اہم خبریں سے مزید