کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے کے لئے اتوار کو لاہور سے ملتان پہنچ گئی۔مہمان ٹیم پیر کو ملتان پہنچ رہی ہے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ون ڈے انٹر نیشنل بدھ کو کھیلا جائے گا۔ ملتان میں 14 سال بعد بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہورہی ہے۔ تین میچز کی یہ سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہے۔یہ گراؤنڈ اس سے قبل بھی کئی یادگار کرکٹ میچز کی میزبانی کرچکا ہے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 35 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ یہ اسٹیڈیم وہاڑی روڈ پر واقع ہے۔فروری 2020 میں اس وینیو نے پی ایس ایل کے تین میچز کی میزبانی کی تھی، جہاں میزبان ملتان سلطانز نے تینوں میچز میں پشاور زلمی، کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو شکست سے دوچار کیا تھا۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا بین الاقوامی کرکٹ میچ 2001 میں کھیلا گیا تھا۔ اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے مہمان بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 264 رنز سے شکست دی تھی۔