لاہور(اپنے نامہ نگار سے) تحریک وحدت اسلامی اور خانہ فرہنگ ایران کے زیر اہتمام رہبر انقلاب آیت اللہ خمینی کی برسی کے موقع پر خانہ فرہنگ ایران لاہور میں سیمینار بعنوان اتحاد امت امام خمینی کی نظر میں ہوا ۔ ایرانی قونصل جنرل رضا ناظری نے کہا کہ امام خمینی کا امت کے لئے صرف ایک ہی پیغام تھا کہ ایک ہو جاؤ ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران قریبی دوست ممالک ہیں اور ہر موقع پر دونوں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ ہوتے ہیں ۔ ڈی جی خانہ فرہنگ جعفر روناس نے کہا کہ امام خمینی یہ خواہش رکھتے تھے کہ مسلمان وحدت کو اختیار کرتے ہوئے طاغوتی قوتوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے ہو جائو جیسے کہ ایران کھڑا ھوا ہے ۔ماہر امور خارجہ محمّد مہدی نے کہا کہ ہمیشہ کی مانند مسلمانوں کو باہمی اتحاد کی سخت ضرورت ہے ۔ دیوان غلام محی الدین نے کہا کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن وقت کی ضرورت ہے ۔