• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان میں آج پہلا ون ڈے، بابر کا لشکر ویسٹ انڈین للکار سے نمٹنے کو تیار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملتان کے سخت گرم موسم میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ون ڈے انٹر نیشنل بدھ کو کھیلا جائے گا۔ ملتان میں پاکستان ویسٹ انڈیز سیریز اس لحاظ سے اہم ہے کہ اس شہر میں14سال بعد ون ڈے انٹر نیشنل ہورہا ہے۔ بابر کا لشکر ویسٹ انڈین للکار سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ ورلڈ کپ سپر لیگ کے ان میچوں میں پاکستان کو کامیابی حاصل کرنا ضروری ہوگی۔ کپتان بابر اعظم کہتے ہیں کہ 14سال بعد ملتان میں انٹرنیشنل میچ ہونےجارہا ہے۔ کوشش کریں گے شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے۔ میرے خیال میں گرمی کھلاڑیوں پر اتنی اثر انداز نہیں ہوگی۔ پہلا ایک گھنٹہ سخت ہوگا۔ باقی میچ بہتر موسم میں ہوگا، پریکٹس کر رہے ہیں، ہوا خاصی چل رہی ہے۔ مڈل آڈر کے لئے مختلف کمبینیشن ٹرائی کر رہے ہیں۔ میں مڈل آڈر کے بارے میں پراعتماد ہوں۔کوشش کریں گے اچھی کرکٹ کھیلیں۔ ہر میچ جیتنے کے لئے ہی کھیلتے ہیں۔ سیریز کے لئے بہت تیاری کی ہے۔ بابراعظم نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم ایک خطرناک ٹیم ہے لیکن سیریز میں تمام میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔ وکٹ پرتھوڑا گھاس ضرور ہے، میچ سے قبل دوبارہ پچ چیک کرکے پھربیٹنگ یا بولنگ کافیصلہ کیا جائے گا۔ پہلا گول جیتنا ہی ہوتا ہے۔ بابراعظم کا کہنا تھا کہ ملتان میں لوگوں نے بہت سپورٹ کیا تھا، لوگوں کوکہوں گا میچ دیکھنے آئیں اورٹیم کو سپورٹ کریں، آہستہ آہستہ سب ٹیمیں یہاں آئیں گی۔ یہ ون ڈے سیریز گذشتہ سال ویسٹ انڈیز کے دورۂ پاکستان کا حصہ تھی لیکن اس ٹیم کے متعدد کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران کوویڈ میں مبتلا ہوگئے تھے جس کی وجہ سے یہ دورہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد ختم کردیا گیا تھا۔ کھلاڑیوں کو گرم موسم کے اثرات سے بچانے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز شام چار بجے شروع ہوں گے۔ اس وقت تک موسم بہتر ہوچکا ہوگا۔ اس کے علاوہ میچ کے دوران پانی کے اضافی وقفے رکھے گئے ہیں اور کھلاڑی خود کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے آئس کالر کا استعمال بھی کریں گے۔ لیکن اس سیریز میں شائقین کرکٹ گراؤنڈ میں ڈیجیٹل بائونڈری کی رنگینیاں دیکھنے سے محروم رہیں گے ،شائقین کا جوش وخروش بھی کم ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گیند کی موومنٹ کے ساتھ بھاگتا ہوا جدید ڈیجیٹل بگی کیمرہ سے بھی کوریج نہیں ہو گی۔ میچ کی کوریج کیمروں کی تعداد بھی 26سے کم کرکے 24کردی گئی ہے۔پاک ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز میں الٹر سلوموشن بھی دیکھنے کو نہیں ملے گا ۔ میچوں میں ا سپائیڈر کیمرہ سے کوریج بھی نہیں ہوگی۔

اسپورٹس سے مزید