• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منزہ آصف

عام طور پر کچن ڈیزائننگ میں ہلکے رنگوں کا انتخاب کیا جاتا ہے ،کیوں کہ خواتین کو لگتا ہے کہ گہرے سے کچن کی خوبصورتی ماند پڑجاتی ہے۔ جب کہ ایسا نہیں ہے گہرے رنگ بھی کچن کی خوب صورتی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ آج ہم آپ کو گہرے رنگ کے کچن آئیڈیاز کے بارے میں بتا ر ہے ہیں۔ان میں سےکوئی بھی ڈیزائن اپنا کر کچن کو دئیے نیا لک۔

کلاسیکل اور ماڈرن لک

گزشتہ کئی برسوں سے کچن کیبنٹس اور کاؤنٹر کے لئے عام اور روایتی رنگوں کے بجائے شوخ رنگوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مختلف اور شوخ کیبنٹری سسٹم ان دنوں کافی ٹرینڈ میں ہے۔ لیکن اگر آپ ٹرینڈ کے ساتھ کلاسیکل اور منفرد ماڈرن لک کی تلاش میں ہیں تو بلیک کچن سے متعلق سوچیں۔ کیبنٹس کے لئے ایسے بہت سے منفرد آیڈیاز موجود ہیں، جن پر عمل کرتے ہوئے کچن کی تعمیر جدید انداز میں کروائی جا سکتی ہے۔

قدرتی انداز، گیلری اسٹائل

گیلری نما کچن کے ویسے تو کئی فوائد ہیں ،مگر پھر بھی خواتین کچن کے اس اسٹائل کو آؤٹ آف فیشن قرار دیتی ہیں، تاہم یہاں بھی تھوڑی سی سمجھ بوجھ آپ کے کچن کو ماڈرن اسٹائل کچن کی فہرست میں شامل کر سکتی ہے۔اگر آپ کچن میں مکمل گہرے رنگ کو اداسی اور اندھیرے سے تعبیر کرتے ہیں تو کچن میں سیاہ کے ساتھ کچھ نیچرل ٹون کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

عام طور پر گیلری نما کچن میں سنک سے اوپر کھڑکی کی تعمیر ضروری سمجھی جاتی ہے، یہی کھڑکی آپ کے کچن میں نیچرل ٹون کہلاتی ہے۔ کچن کیبنٹس اور کاؤنٹر کے لئے اسٹیل یا لکڑی کا انتخاب بطور مواد کرتے ہوئے سیاہ رنگ استعمال کیا جاسکتاہے۔

2ٹون کچن اسٹائل

کچن کے لئے 2ٹون کی بات کی جائے تو ذہن میں سفید اور سیاہ کچن کا تصور گھومنے لگتاہے،تاہم یہ امتزاج سیاہ اور بھورے رنگ کا ہے۔اگر آپ کا کچن بھی لیونگ روم سے ملحقہ ہے تو کچن کیبنٹ اور کاؤنٹر ٹاپ کے لئے سیاہ رنگ کی لکڑی کا انتخاب کیا جا سکتاہے۔ چوں کہ کچن لیونگ روم کے ساتھ ہے، لہٰذا دیواروں پر سفید رنگ زیادہ بہتر رہے گا۔

کلاسیکل لک کے لئے آپ مائیکرو ویو کی تنصیب والی دیوار پر سیاہ بورڈ نصب کروا سکتے ہیں۔ کلاسیکل تھیم میں براؤن ٹچ دینے کے لئے کچن چیئر کا انتخاب معیاری لکڑی کے اصل رنگ کے ساتھ ہی اچھا لگے گا۔

بلیک بیڈ بورڈ کچن، آئرلینڈ اسٹائل

بیڈ بورڈ(Beadboard)، وال بورڈ کی ایک ایسی قسم ہے جو لکڑی کے مختلف پینلز کو جوڑ کر بنائی جاتی ہے۔ مارکیٹ میں بیڈ بورڈ تقریباً ہررنگ میں دستیاب ہے، جسے دوران تعمیر چھت اور دیواروں کی سجاوٹ کے لئے استعمال کیا جاتاہے۔ آئرلینڈ اسٹائل کے تحت کیبنٹ اور ریفریجریٹر وال کے لئے سیاہ رنگ کے عمودی لائنوں والے بیڈ بورڈ کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

عام طور پر اس اسٹائل کو جزیرہ نما کچن کے لئے منتخب کیا جاتا ہے، جس میں کیبنٹ سسٹم سے لے کر ریفریجریٹر والے حصے تک کی دیوار بیڈ بورڈ سے بنوائی جا تی ہے۔ کاؤنٹر کے لئے سیاہ یا سفید کے بجائے لکڑی کا استعمال آپ کے کچن کو عام اور روایتی انداز سے جدا کرکے اسے منفرد طرز عطا کرے گا۔

سیاہ رنگ وروغن،ایل شیپ اسٹائل

اگر آپ کا بجٹ زیادہ نہیں ہے اور کچن ایل شیپ اسٹائل کا ہے تو سیاہ رنگ و روغن بھی آپ کے کچن کو اَپ ڈیٹ کرنے کے لئے کافی رہے گا۔ آپ کچن کیبنٹس اور دیواروں پر سیاہ پینٹ کے ذریعے ایک ماڈرن کچن کا خواب پورا کر سکتے ہیں، تاہم کلاسیکل لک کے لئے یہ بہتر ہو گا کہ آپ سیاہ رنگ کا ریفریجریٹر بھی کچن میں رکھیں۔