کراچی (اسٹاف رپورٹر)میانوالی کالونی میں نشے کے عادی باپ نے فائرنگ کرکے بیٹے کو قتل کردیا۔تفصیلات کے مطابق پیر آباد تھانے کی حدود میانوالی کالونی میں گھر کے اندر باپ اور بیٹے کے درمیان جھگڑا ہوگیا، اس دوران فائرنگ سے 24سالہ شازل ولد بابر کمال جاں بحق ہوگیا اس اطلاع پر پولیس موقع پرپہنچ گئی ، پولیس نے جائے وقوع کا موقع معائنہ کرکے لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی، پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ جھگڑے کے دوران ملزم بابر کمال نے اپنے بیٹے کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور موقع سے فرارہوگیا جس کی تلاش کی جارہی ہے ،پولیس کے مطابق ملزم نشے کاعادی ہے جس کا گھر پر اکثر رقم کے تقاضے پر جھگڑا رہتا تھا ، پولیس نے جائے وقوعہ سے خول برآمد کرلیئے ، پولیس کے مطابق مقتول کے اہلخانہ رشے داروں سے صلاح و مشورے کے بعد مقدمہ درج کرانے آئیں گے اور اگر وہ نہیں آئے تو سرکار مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا تاہم پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے۔