کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) سابق ہاکی اولمپئنز نے ایشیا کپ ہاکی قومی ٹیم کے آفیشلز کی غلطی کے باوجود انہیں کامن ویلتھ گیمز کے لئے برقرار رکھنے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں غلطیوں کے باوجود انہیںدوبارہ ذمے داری دینا اقربا پروری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سابق کپتان رشید الحسن نے کہا کہ جب تک انکوائری مکمل نہیں ہوئی ٹیم انتظامیہ کو برقرار رکھنا افسوس ناک ہے۔اولمپئن سلیم ناظم نے کہا کہ انکوائری مکمل ہونے تک ناکامی کے ذمے داروں کو دوبارہ ٹیم آفیشل مقرر نہیں کرنا چاہئے تھا ، انہوں نے اپنے من پسند ٹیم منیجر کو بچانے کی کوشش کی ہے۔ دوسری جانب پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز کیلئے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی ایکری ڈیشن بہت پہلے ہوچکی تھی اس مر حلے پر اس میں تبدیلی سے مسائل جنم لیتے، انکوائری کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد ذمے داروں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔