اسلام آباد (نمائندہ جنگ)تحریک انصاف کے رہنمائوں نے امریکی سفیر پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ بیرونی سازش کی تحقیقات کرے، تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ فیصلہ سازوں کو ابتر صورتحال پر سوچنا چاہئے، امپورٹڈ حکومت نے مہنگائی کا نام مشکل فیصلے رکھا ہوا ہے ، اکنامک سروے تحریک انصاف کی بہترین معاشی کارکردگی کا ثبوت ہے، ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سامنے ایک بار پھر ڈومور کا ایجنڈا رکھا گیا ہے ، سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ بیرونی سازش کی تحقیقات کرے، نئے امریکی سفیر پر تحریک انصاف کو تحفظات ہیں، بغداد میں امریکی حملوں اور حکومت کی تبدیلی کے وقت موجودہ امریکی سفیر وہاں تعینات تھے، مشترکہ پریس کانفرنس میں اسد عمر نے کہا اکنامک سروے گواہی دے رہا ہے کہ ہمارے دور میں ملکی معیشت ترقی کر رہی تھی،تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا کہ دو سال سے زیادہ معیشت کی بڑھنے کی رفتار 5 فیصد سے زیادہ رہی۔