سیہون شریف (نامہ نگار) سیہون شریف کے قریب سیاہ کاری کے الزام میں 14سالہ لڑکی قتل، باپ اور بھائی پر قتل کا الزام، پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے، پولیس نے تفتیش شروع کردی، ڈی آئی جی حیدرآباد کا نوٹس، ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم۔ تفصیلات کے مطابق سیہون شریف کے قریب نواحی گاؤں کاریانی میں 14 سالہ لڑکی بینظیر خاصخیلی کو گولیاں مارکر قتل کردیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق بینظیر خاصخیلی کو اپنے والد اور بھائی نے سیاہ کاری کے الزام میں قتل کیا، اطلاع پر تھانہ بھان سیدآباد کی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور لاش تحویل میں لیکر سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سیہون منتقل کیا، جہاں سے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے، پولیس کے مطابق لڑکی بینظیر کو گلے اور ہاتھ میں گولیاں لگی ہیں، معاملے کی تفشیش جاری ہے، دوسری جانب سے مقتولہ کے والد محمد خان خاصخیلی نے کہا کہ بیٹی کو چھوٹے بھائی کے کھیلتے ہوئے گولی ماری ہے، سیاہ کاری کے الزام درست نہیں، واقعے کا ڈی آئی جی حیدرآباد پیر محمد شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کیا ہے، تاہم آخری اطلاعات تک واقعے کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہوسکا۔