• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور،انتظامیہ کی نگرانی میں منشیات سے پاک پشاور مہم جاری ہے

پشاور (جنگ نیوز) صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں منشیات سے پاک پشاور مہم زور و شور سے جاری ہے اور انتظامی افسران نے پشاور کے مختلف علاقوں میں فارمیسی و میڈیکل سٹوروں کا معائنہ کرتے ہوئے ڈاکٹری نسخے کے بغیر مخصوص ادویات دینے پر بیشتر منیجروں کو گرفتار کر لیا۔ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود اور ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عزا ارشد نے چارسدہ روڈ پرفارمیسی و میڈیسن سٹوروں کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سیدہ زینب نقوی نے یونیورسٹی روڈ پرفارمیسی و میڈیسن سٹوروں کا معائنہ کیا جبکہ دیگر انتظامی افسران نے اپنے علاقوں میں بازاروں میں فارمیسی و میڈیسن سٹوروں کا معائنہ کیا۔ ضلعی انتظامیہ پشاور نے ان مخصوص ادویات کو ڈاکٹری نسخے کے بغیر فروخت کرنے پر پابند ی عائد کی ہوئی ہے جن کو منشیات کے عادی افرادکے استعمال کرنے کا خدشہ ہو اور اس حوالے سے فارمیسی و میڈیسن سٹور ایسوسی ایشن کو بھی اعتماد میں لے کر ہدایت کی گئی تھی کہ تمام فارمیسی و میڈیسن سٹوروں پر نمایاں بینرز لگائیں جس پر عوامی آگاہی کے لیے ان ادویات کی تفصیل درج کی گئی ہو اور سٹوروں کو ہدایت کی جائے کہ مخصوص ادویات ڈاکٹری نسخے کے بغیر فروخت نہ کریں۔ لیکن اس کے باوجود کچھ سٹوروں میں مخصوص ادویات کو ڈاکٹری نسخے کے بغیر دیا گیا جس پر کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 22 فارمیسی و میڈیسن سٹور منیجرز کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے پشاور کے تمام فارمیسی و میڈیسن سٹور مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ مخصوص ادویات ڈاکٹری نسخے کے بغیر فروخت نہ کریں اور سٹوروں میں بینرز نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پشاور سے مزید