کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے2026میں ہونے والے مردوں اور خواتین کے ورلڈ کپ ہاکی ٹور نامنٹ کی میزبانی کے ابتدائی عمل کو مکمل کرلیا، میزبانوں کا فیصلہ 3 نومبر کو ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کیا جائے گا جس کی منظوری ایف آئی ایچ کی کانگریس دے گی، اجلاس رواں سال 4 5 نومبر کو ہوگا۔ مردوں کے ایونٹ کی میزبانی کے لئے جن ملکوں نے پیش کش کی ہے ان میں انگلینڈ نے ویلز کے ساتھ مل کر ان مقابلوں کے انعقاد کی آفر کی ہے شہروں کے ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا،جبکہ ہالینڈ نے بیلجئم کے ساتھ مشترکہ ورلڈ کپ کرانے کی بولی دی ہے، اس کے علاوہ جرمنی اور جنوبی افریقا نے بھی میزبان بننے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ جنوبی افریقا نے خواتین ورلڈ کپ کرانے کی بھی پیش کش کی ہےاس کے علاوہ آ سٹریلیا نے ملبورن، سڈنی، پرتھ، جیلونگ،برسبین اور گولڈ کوسٹ میں میچوں کے انعقاد کا اعلان کیا ہے،جنوبی افریقا نے دونوں ورلڈ کپ میچز کے لئے اپنے شہر پوچفسٹروم کا نام دیا ہے،خواتین ورلڈ کپ کے لئے یوراگوئے نے بھی بولی دی ہے، تاہم شہر کا نام بعد میں دیا جائے گا،ہر 4 سال بعد کھیلے جانے والے مردوں اور خواتین کے ورلڈ کپ میں دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے 16ٹیمیں شامل ہوتی ہیں۔ 2026 میں ورلڈ کپ کا 16واں ایڈیشن ہوگا۔دونوں مقابلے ایک ہی وقت میں کھیلے جاتے ہیں۔ تاہم اگلے سال 2023میں دونوں مقابلے مختلف ماہ میں کھیلے جائیں گےمردوں کے مقابلے جنوری میں بھارت کے شہربھونیشور اور رورکیلا میں کھیلا جائے گا جبکہ خواتین ورلڈ یکم سے17جولائی تک اسپین اور ہالینڈ میں کھیلا جائے گا۔