• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز الٰہی کی گورنر کے آرڈیننس کے خلاف فوری حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا مسترد

لاہور(نمائندہ جنگ)لاہور ہائی کورٹ نے پرویز الٰہی کی درخواست پرگورنرکے اسمبلی آرڈیننس کیخلاف فوری حکم امتناع جاری کرنےکی استدعامستردکرتے ہوئے کہا کہ حکومتی جواب آجائے پھر فیصلہ کرینگے۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے پنجاب اسمبلی سے متعلق آرڈیننس جاری کرنے کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت و دیگرسے 24 جون کو جواب طلب کرلیا۔اسپیکر پنجاب اسمبلی اور سبطین خان کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی معاونت کے لئے طلب کر لیاگیا۔درخواست گزار کے وکیل احمد اویس نے موقف اختیار کیا کہ اسمبلی کا اجلاس چل رہا تھا اور گورنر نے آرڈیننس جاری کر دیا۔عدالت نے ریمارکس دیئے ہم نے حلف لیا ہوا ہے ،اس کے مطابق ہی کیس کی سماعت کریں گے، حکومت کی طرف سے جواب آجائے پھر فیصلہ کریں گے، پرویز الٰہی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ گورنر نے 14 جون کو اسمبلی کے اختیارات کے حوالے سے آرڈیننس جاری کیا،جس کے ذریعے سیکریٹری اسمبلی کے اختیارات محدود کر دئیے گئے ، اجلاس نوٹیفائی، ڈی نوٹیفائی کرنے کا اختیار سیکریٹری قانون کو دیا گیا، آرڈیننس رولز آف اسمبلی سے متصادم اور آئین کے خلاف ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ جاری کردہ آرڈیننس آئین سے متصادم قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے اور حتمی فیصلے تک آرڈیننس پر عملدرآمد روکا جائے۔
اہم خبریں سے مزید