ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مدینة الاولیاء ملتان میں صفائی کے مثالی نظام کے قیام کے لئے 40 کروڑ روپے کی نئی مشینری کی خریداری کی حتمی منظوری دے دی ہے،491 نئے سینٹری ورکرز بھرتی کئے جائیں گے،کمپنی کی آمدنی بڑھانے کے لئے انتظامیہ کو فنڈ جنریشن کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے جبکہ عید پلان کی منظوری کے لئے سب کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔یہ فیصلے ڈپٹی کمشنر و چئیرمین ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد طاہر وٹو کی زیر صدارت بی او ڈی کے اجلاس میں کئے گئے۔کمپنی کے سی ای او محمدفاروق ڈوگر ،کمپنی ڈائریکٹرز یاسر بچہ، فلزہ ممتاز، ڈاکٹر اللہ بخش اور جاوید اقبال نے اجلاس میں شرکت کی۔کمپنی سیکرٹری محمد کبیر خان نے بی او ڈی کے اجلاس کو بریفنگ دی۔چیف انٹرنل آڈیٹر طاہر شبیر، منیجرز ساجد ریاض اور آصف شبیر بھی اجلاس میں موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے اجلاس سے اپنے خطاب میں شہر کی صفائی کے لئے نئی مشینری کی خریداری کو ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ مشینری کی خریداری اور ییومن ریسورس کی بھرتی کمپنی انتظامیہ کا دیرینہ مطالبہ تھا۔