لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ نے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت کر دی ۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ سترہ جولائی کے ضمنی الیکشن میں حکومت دھاندلی اور پولیس کے استعمال سے باز رہے ورنہ سخت عوامی ردعمل سامنے آئے گا، پنجاب کی جعلی غیر آئینی حکومت پولیس کا سیاسی مخالفین کے خلاف بدترین استعمال کر رہی ہے۔پارٹی رہنما تحریک انصاف کے امیدواروں کی بھرپور مہم چلائیں، تجربہ کاری کا دعویٰ کرنے والے عوام کے سامنے بری طرح ایکسپوز ہوچکے ہیں، موجودہ جعلی حکمرانوں سے خیر کی کوئی توقع نہیں، معیشت کو تباہ کر کے عوام کو مزید بری خبروں کیلئے تیار رہنے کا کہا جا رہا ہے، یہ حکمران عوام کو ریلیف تو نہیں دے سکے لیکن روز نیا ٹیکس لگا دیا جاتا ہے۔بجلی، گیس پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں، مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث عوام میں حکمرانوں کے خلاف غصے کی لہر ہے۔ عوام ضمنی انتخاب میں نااہل حکمرانوں کے خلاف ووٹ کی طاقت سے فیصلہ دیں گے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی سے صدر پاکستان مسلم لیگ راولپنڈی زبیر خان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور ضمنی انتخابات بارے تفصیلی گفتگو کی گئی۔