سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر و نواحی علاقوں میں گرمی کے باعث حق رائے دہی استعمال کرنے کی شرح کم رہی، سورج کی تیز شعاعوں اور ہواؤں کے گرم تھپیڑوں نے لوگوں کو پولنگ اسٹیشنز سے دور رکھا، صبح سے ہی دھوپ کی تمازت زیادہ تھی، سورج کے تیور دیکھ کر لوگوں نے پولنگ اسٹیشنز جانے کے بجائے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی، صبح 8بجے سے 11بجے اور شام 3بجے سے 5بجے تک پولنگ اسٹیشنز پر لوگ زیادہ دکھائی دیے کیونکہ اس دوران دھوپ کی شدت کم تھی، جس کی وجہ سے لوگوں نے مذکورہ بالا اوقات میں ووٹ کاسٹ کرنے کو ترجیح دی۔ دوپہر کے وقت پولنگ اسٹیشنز پر گنتی کے چند ووٹرز ہی دکھائی دیے۔ آخری سطور لکھے جانے تک شہر ونواحی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں تھے۔