• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کے ضمنی انتخابات الیکشن کمیشن کا امتحان ہونگے، عمران خان

لاہور( این این آئی)سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات الیکشن کمیشن کا امتحان ہوں گے ‘ہمیں معلوم ہے کہ امپائر ان کے ساتھ ہیں لیکن ان شا اللہ امپائروں کے باوجود امریکہ کے غلاموں کو ملک کے بڑے بڑے ڈاکوئوں کو شکست دینی ہے ‘ہم امریکا‘ چوروں اور لوٹوں کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

اتوارکو پی پی 158 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ رائو سردار علی خان کو میں نے ہی آئی جی پنجاب لگوایا تھا ، 20حلقوں کے ضمنی انتخاب میں پولیس کے رویے نے آپ کی ساکھ کا فیصلہ کرنا ہے ، الیکشن کمیشن پر کوئی اعتماد کرنے کو تیار نہیں اور 20حلقوں کے ضمنی انتخابات نے فیصلہ کرنا ہے کہ قوم عام انتخابات میں آپ پر اعتماد کر سکتی ہے یا نہیں ۔

عمران خان نے کہا کہ آپ نے ڈور ٹو ڈور جا کر سب کو یہ پیغام دینا ہے جو ووٹ آپ سے لیتے ہیںاور ضمیر بیچ کر چوروں سے مل جاتے ہیں ان کو شکست دینا ہم سب کا فرض ہے‘ انہوں نے آئی جی پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سارا پنجاب آپ کی طرف دیکھ رہا ہے ‘اگر کچھ غلط ہوا تو ساری زندگی کے لئے آپ کی ساکھ خراب ہو گی ۔الیکشن کمیشن ابھی تک (ن) لیگ کے ساتھ ہے .

سارا پاکستان بیس حلقوں کے ضمنی انتخابات کو دیکھ رہا ہے ،ابھی تک آپ کا جو رویہ رہا ہے کسی کو آپ پر اعتماد نہیں ہے ‘ہمیںپتہ ہے ان کے ساتھ کون کون ہیں، یہاں پیسہ بھی چل رہا ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ ہمیں کہتے تھے کہ بڑی مہنگائی ہے ،دو ماہ کے اندر انہوںنے وہ مہنگائی کی ہے جو ساڑھے تین سال میں ہم نے نہیں کی ۔ 

 آج ڈیزل مہنگا ہے پیٹرول مہنگا ہے بجلی مہنگی ہے آٹا مہنگا ہے، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس لے آئے ہیں جو انہیں آئی ایم ایف کہے گا یہ وہ کریں گے۔ ہمیشہ کے لئے چوروں کو ملک سے فارغ کریں گے۔

اہم خبریں سے مزید