اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے سازگار ہے ‘ اتحادی حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے‘چین پاکستان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینا پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے ،چینی کمپنیاں پاکستان میں قابل تجدید توانائی بالخصوص شمسی توانائی کے وسیع امکانات میں سرمایہ کاری کریں ۔جمعرات کو چینی سرکاری کمپنی نورینکو کے اعلیٰ اختیاراتی وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی ۔نورینکو کے وفد نے پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے اس شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی،کمپنی نے خاص طور پر ٹھٹھہ میں ونڈ کوریڈور جس کے تحت 100میگاواٹ کا ونڈ پاور پروجیکٹ تجویز کیا گیا تھا میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ۔اس کے ساتھ ساتھ ریلوے لائنوں کے ساتھ فائبر آپٹک میں سرمایہ کاری، تانبے اور لوہے کی کان کنی اور ملک کے بڑے شہروں میں انفراسٹرکچر کی ترقی میں سرمایہ کاری کے مواقع شامل تھے جن کی کمپنی نے سرمایہ کاری کے ممکنہ مقامات کے طور پر نشاندہی کی ۔ اس موقع پروفد سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے سازگار ہے اور ان کی حکومت سرمایہ کاروں کی مزید سہولتوں کے لئے تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔