عائشہ امتیاز
عام طور پر یہی تصور کیا جاتا ہے کہ گھر کی سجاوٹ کے لئے کثیر رقم کی ضرورت ہوتی ہے، اور اس منہگائی کے دور میں گھر کی آرائش میں کثیر رقم خرچ کرنا بہت مشکل ہے۔ لیکن اگر خواتین کفایت شعار ہو اور سمجھ داری سے کام لیں تو یہ کام کم پیسوں میں بھی گھر کی سجاوٹ عالی شان طر یقوں سے کی جاسکتی ہے۔ گھر میں پہلے سے موجود بے کار اشیاء کو کار آمد بنا کر آپ سلیقہ مندی اور صلاحیتوں کے جوہر دکھا سکتی ہیں۔ ذیل میں دی گئی ٹپس پر عمل کریں اور گھر کو جذب النظر بنائیں۔
پرانے فرنیچرکونیا بنائیں
اگر آپ اپنا پرانا فر نیچر جلدی بدلنا نہیں چاہتی تو کوئی بات نہیں ،آپ ہر چھ مہینے بعد پرانے فر نیچر پر پینٹ یا پالش کرلیا کریں، اس طر ح آپ کو فرنیچر جلدی تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
گھر میں لگےتاروں کو سلیقہ مندی سے لگائیں
گھرمیں جگہ جگہ لگے تار اچھے نہیں لگتے اور گھر کی خوب صورتی بھی ماند پڑجاتی ہے۔ انھیں منظر سے اوجھل کرنےکے لئے پلاسٹک بورڈ لے کر اسے باڑ کی شکل میں کاٹ کرلگا دیں اور تمام تار اس کے پیچھے سیٹ کردیں۔ اس سے خوبصورت ڈیزائن بھی بن جائے گا اورآپ کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔
فالتو شیشے کااستعمال
گھر میں پڑے ہوئے فالتو شیشے کو فریم کروا کر کسی بھی کمرے، داخلی راستے یا کوریڈور میں آویزاں کردیں تو دیوار کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ اسی طرح اگر شیشے کے کناروں پر خوبصورت پینٹنگ کرکے یا پھر خوبصورت مصنوعی بیلیں لگا دی جائیں توگھرکی سجاوٹ کو چار چاند لگائے جائیں گے۔
دیواروں پرٹیپ لگائیں
اگرآپ کے گھر میں چھوٹے بچے ہیں جو دیواروں پر نشانات ڈالتے ہیں، تو ایسے بچوں کے لئے آپ اپنی دیواروں پرنیون ماسکنگ ٹیپ کا استعمال کریں اور بچوں کو دیواروں پر نشان بنانے دیں، کیوں کہ اس ٹیپ سے نہ دیواریں گندی ہوتی ہیں اور نہ ہی ان پر نشانات آتے ہیں۔
وال ہینگنگ
کپڑوں کے بچے ہوئے ٹکڑوں یا پرانے کپڑوں کو کاٹ کرخوبصورت وال ہینگنگ تیارکیا جاسکتا ہے۔ کسی بھی بورڈ یا موٹے گتے پر آپ ان کپڑوں کوخوبصورتی کے ساتھ لگا کر وال ہینگنگ تیار کرسکتی ہیں۔
کینڈل ہولڈر
رنگ برنگی موم بتیاں خوبصورت دکھائی دیتی ہیں۔ اگر آپ کے پاس کینڈل ہولڈر نہیں بھی ہے تو آپ صر ف موم بتیاں خریدیں اورہولڈر کی جگہ گھر میں موجود پرانی شیشے کی بوتلوں کو گلاس پینٹنگ سے بیل بوٹے بنا کر منفرد انداز میں کینڈل ہو لڈرز بناسکتی ہیں۔
ہینگرز کوٹیپ کریں
ہینگرز پراکثر زنگ آجاتا ہے اور وہ خراب ہوجاتے ہیں اسی لئے اگر ہینگرز پرانے ہوجائیں تو انھیں خوبصورت کلر فل ماسکنگ ٹیپ کی مدد سے ٹیپنگ کرکے پھرسے استعمال کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔
پرانا کٹنگ بورڈ
کچن میں موجود پرانے کٹنگ بورڈ پینٹ کرکے خوبصورت ڈیکوریشن پیس تیار کریں، کوشش کریں کہ اس پر ہلکے رنگوں سے پینٹ نہ کریں ،کیوں کہ ہلکے رنگ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پھیکے پڑجاتے ہیں۔
خوبصورت گملہ بنائیں
کسی بھی دکان سے مٹی کا خالی پوٹ لیں اور اسے رات بھر پانی میں بھگو کر رکھ دیں۔ صبح اس پراپنی پسند کاپینٹ کریں اوراپنی من پسند اشیاء جیسے شیشے، بٹن، پتھراور پھولوں سے سجائیں۔
ربن سے فانوس بنائیں
گھرمیں لگے فانوس خوبصورتی کو مز ید بڑھا دیتے ہیں۔ ایک چھوٹاسا کپڑا لے کر اس پر تین مختلف رنگوں کے ربن لگالیں اور اسے خوب صورت ڈوری سے باندھ کر گھر میں کہیں بھی لٹکا لیں۔ یہ ہلکے پھلکے رنگ برنگے فانوس لائونج اور بچوں کے کمرے کو بھر پور تاثر دیں گے۔