اسلام آباد (خبر نگار ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ انتظامیہ کے این او سی اور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد بھی گراؤنڈ حوالے نہیں کیا جا رہا کیونکہ جی ایچ کیو کی منظوری کے حوالے سے اب تک آگاہ نہیں کیا گیا۔ ملک میں جمہوریت کا ایک پتا بھی نہیں بچا۔ جمعہ کو ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ تین دن تک جلسے کی درخواست پر چپ چاپ بیٹھی رہی ، آخر کار عدالت جانے کے بعد این او سی دے دیا گیا،ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ بنیادی اشیا کی قیمتوں کا افراط زر 32 فیصد سے اوپر جا چکا ، یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے اونچی سطح ہے، ملک اس امپورٹڈ حکومت کو برقرار رکھنے کی مزید کتنی قیمت ادا کرے گا؟