• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی ترقی کیلئے حقیقی عدل و انصاف کا نظام قائم کرنا ہوگا، سراج الحق

لاہور( جنگ نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ، جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کا گٹھ جوڑ ملک میں تباہی کی وجہ ہے۔ معیشت کی خرابی پورے نظام کی خرابی کا ایک جز ہے۔ ہمارے پاس وسائل کی کمی نہیں، لیکن مافیاز نے ہر شعبہ کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ن لیگ کے بعد پی پی اور اس کے بعد پی ٹی آئی آ گئی تو تبدیلی آ گئی، حقیقت یہ ہے کہ یہ تینوں حکمران جماعتیں ایک ہی سسٹم کے پرزے ہیں۔ پاکستان کے 35سال جرنیلوں کی حکومتوں نے برباد کیے، بقیہ 35برس نام نہاد جمہوریتوں کی نذر ہو گئے۔ انھوں نے کہا کہ جب تک ملک میں حقیقی عدل و انصاف کا نظام قائم نہیں ہو گا، میرٹ کی خلاف ورزیاں ہوتی رہیں گی، ہم ترقی نہیں کر سکیں گے۔ آج مہنگائی نے لوگوں کی نیندیں اڑا دی ہیں، غریب آدمی روٹی کے نوالے کے لیے ترس رہا ہے، حالات سے تنگ لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں۔ معیشت تباہ، روپے کی بے قدری جاری اور ادارے کمزور ہو گئے۔ حکمران ان سب مسائل کے ذمہ دار ہیں۔ جماعت اسلامی کی لڑائی کسی پارٹی یا لیڈر سے نہیں، ہم اس فرسودہ نظام کے خلاف جہاد کر رہے ہیں۔ وکلا سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ قوم کو حقیقی آزادی دلوانے کے لیے جدوجہد کریں۔ اس ملک کو کسی جرنیل، وڈیرے نے نہیں ایک وکیل نے آزاد کرایا، آج وکلا کی یہ ذمہ داری ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی اور مظلوموں کو ان کا حقیقی حق دلوانے کے لیے آگے بڑھیں۔ جماعت اسلامی آئین و قانون کی بالادستی چاہتی ہے، آئیے اختلافات بھلا کر کم از کم اس نقطہ پر اکٹھے ہو جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ملک بھر سے سے مزید