• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیاں‘ 24گرفتار

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) کیپٹل پولیس نے عید سے پہلے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔ ایگل سکواڈ نے دوران چیکنگ کراچی کمپنی جی نائن تھری کی ایک گلی سے تین مشکوک افراد کو گرفتار کیا جبکہ آئی نائن کے علاقہ سے 21لڑکوں کو گرفتار کر لیا گیا جو عید کے دنوں میں چوری کی وارداتیں کرنے کیلئے ریکنگ کر رہے تھے۔ آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان کے خصوصی احکامات کی روشنی میں عید سے قبل ضلع بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ایگل سکواڈ نے تھانہ کراچی کمپنی کے علاقہ جی نائن تھری کی گلی نمبر 112سے چیکنگ کے دوران تین مشکوک لڑکوں کو گرفتار کر لیا جو کوئی شناختی علامت پیش نہ کر سکے۔ دوران تلاشی لڑکوں سے پسٹل تیس بور معہ ایمونیشن، ایک پلاسٹک کی پسٹل، کاٹن ٹیپ، سات سرجیکل دستانے، چابیوں سمیت دیگر اشیاء برآمد ہوئیں۔ دوران تفتیش لڑکوں نے انکشاف کیا کہ وہ عید کے دنوں میں خالی گھروں میں چوری کی وارداتیں کرنیوالے تھے۔ اسی طرح تھانہ آئی نائن پولیس نے مختلف علاقوں سے 21لڑکوں کو کسی قسم کی شناختی علامت یا رہائشی ثبوت نہ دینے پر گرفتار کر لیا۔ ملزمان کیخلاف فارنر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ شہریوں خصوصاً تاجر کمیونٹی نے پولیس کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات سے عید کے دنوں میں سکیورٹی بہتر ہو گی۔ آئی جی اسلام آباد نے تمام زونل افسران کو سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عید پر آبائی گھروں کو جانیوالے شہری مناسب لائٹنگ کا بندوبست کریں‘ جاتے ہوئے پڑوسی اور متعلقہ پولیس اسٹیشن اطلاع کریں اور قیمتی سامان گھروں میں نہ چھوڑیں۔ اسلام آباد کیپٹل پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے‘ امن عامہ کو قائم رکھنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائیگی۔
اسلام آباد سے مزید