• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن، حمزہ شہباز کا 100 یونٹ مفت بجلی پروگرام 17 جولائی تک معطل

اسلام آباد (ایجنسیاں)الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کا روشن گھرانہ پروگرام 17 جولائی تک معطل کردیا۔خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے 100 یونٹ تک مفت بجلی کا اعلان کیا گیا تھا جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا تھا۔ضمنی انتخابات سے متعلق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کے نوٹس کی سماعت میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے وکیل خالداسحاق پیش ہوئے۔وکیل نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرا دیا جس میں کہا گیا تھا کہ پنجاب حکومت کے پروگرام کا بجٹ میں اعلان کیا گیا تھا‘سیاسی فائدہ لینا ہمارامقصدنہیں۔رکن سندھ نے کہا کہ جب آپ الیکشن مہم کے اندر ایسے اعلانات کریں گے تو اس کو اثر انداز ہونے کی کوشش کی سمجھا جائے گا۔چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ اگر آپ نے پروگرام کا بجٹ میں اعلان کردیا تھا تو دوبارہ اعلان کی کیا ضرورت تھی۔وکیل نے بتایا کہ اس پروگرام کا اعلان 50 اور 100 یونٹس والوں کیلئے کیا ہے کیونکہ مہنگائی میں اضافہ ہوا۔الیکشن کمیشن کے ڈی جی لاءنے کہا کہ پنجاب حکومت کے پروگرام کا اعلان ضمنی انتخاب پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔ضمنی انتخاب میں 10 روز رہ گئے ہیں، اس لیے اس پروگرام کو روکا جائے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت ایکشن ہوگا، ضمنی انتخاب تک ترقیاتی پروگرام کا اعلان نہیں ہونا چاہیے۔الیکشن کمیشن ضمنی انتخاب کو متنازع بنانے سے متعلق تمام پروپیگنڈا کو مسترد کرتا ہے، کمیشن کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پہلے سے زیادہ مدد حاصل ہے اور پنجاب کے 20 حلقوں میں الیکشن صاف شفاف ہوگا۔
اہم خبریں سے مزید