خدیجہ احمد
اکثر خواتین کو عید کے موقعے پر اپنی تیاری کے ساتھ ساتھ گھر کی تیاری کا بھی شوق ہوتا ہے۔ گھر کا کونہ کونہ سلیقہ مندی اور خوبصورتی سے سجاتی ہیں۔ ڈرائنگ روم اور بیڈ روم کے ساتھ کھانے کی میز کو بھی بہت خوب صورتی کے ساتھ سجائیں۔ میز پر خوبصورت ڈیزائن کا میز پوش اور ٹیبل میٹس بچھائیں، مگر سب سے اہم کام کھانے کی میز پر برتن اور دیگر سامان سلیقے اور ترتیب سے لگانا ہے۔
کھانا لگانا اور برتنوں کو درست انداز میں ترتیب دینا خواتین کے ذوق اور سلیقے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ عید کے موقعے پر دعوت کے لیے مختلف ڈشز تیار کی جاتی ہیں۔ باربی کیوں کا سلسلہ بھی چل رہا ہو تا ہے۔ اس لیے ٹیبل سیٹ کرنے میں خواتین کو تھوڑی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مگر اب آپ کو ٹیبل سیٹنگ کے لیے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ذیل میں موجود چند باتوں پر عمل کرکے دعوت ِعید کی ٹیبل خوب صورتی اور سلیقہ مندی سے سجائیں۔
سب سے پہلے خوبصورت میز پوش یا میٹس کا انتخاب کریں۔ اگر دسترخوان لگا رہی ہیں تو افراد کی تعداد کے مطابق میٹس سیٹ کریں۔ ہر میٹ کے سامنے بیٹھنے کے لیے آرام دہ فلور کشن لگائیں۔ پھر ہر میٹ پر برتن ترتیب دیں، دائیں جانب پانی اور مشروب کے الگ الگ گلاس رکھیں۔ درمیان میں ڈنر پلیٹ اور اس کے اوپر سلاد کی چھوٹی پلیٹ رکھیں۔
پلیٹ کے برابر سیدھے ہاتھ پر کھانے کے لیے کھانے کا چمچہ رکھیں۔ پلیٹ کے برابر بائیں جانب بڑا کانٹا اور سلاد کےلیے چھوٹا کانٹا رکھیں اور میٹھا کھانے کے لیے چھوٹا چمچہ۔ بائیں جانب میٹھا کھانے کی چھوٹی پلیٹ یا پیالی رکھیں۔ دسترخوان یا ٹیبل کے درمیان میں کھانے کی ڈشز خوبصورت انداز سے سیٹ کردیں۔