عظمٰی صدیقی
عید الاضحی میں چند دن رہ گئے ہیں۔ یقیناً آپ کی مصروفیات میں اضافہ ہوگیا ہوگا۔ زیادہ تر کام تو آپ کرچکی ہوں گی۔ آخر میں دعوت کے لیے پکوان کی تراکیب معلوم کرنے کامرحلہ آتا ہے، جس کے لیے اکثر خواتین پریشان رہتی ہیں۔ ہمیشہ کی طر ح اس مرتبہ بھی ہم آپ کی یہ پریشانی دور کردیتے ہیں۔
ذیل میں ہم آپ کو بقر عید کے پُرمسرت موقع پر دعوت کے لیے گوشت کے مزیدار اور چٹخارے دار پکوان کی تراکیب بتا رہے ہیں۔ انہیں آزما کر مہمانوں سے داد وصول کریں ۔
…بیف شنواری کڑاہی …
اجزاء: تیل ایک کپ، بیف ایک کلو، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچہ، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچہ، ٹماٹرتین سے چار عدد،نمک حسبِ ذائقہ، پسی ہوئی کالی مرچ ایک چائے کا چمچہ، گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ، ہری مرچیں پانچ سے چھ عدد۔
ترکیب: ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے گوشت ڈال کر اچھی طر ح مکس کرلیں اور اتنا پکائیں کہ گوشت کی رنگت تبدیل ہو جائے، پھر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر مکس کرلیں۔ اب اس میں ٹماٹر شامل کرکے ہلکی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ ٹماٹر اچھی طر ح گل جائیں۔
بعدازاں اس میں نمک، کالی مرچ ڈال کر 10 منٹ کے لیے ڈھک کر پکائیں، پھر اس میں گرم مسالہ اور ہری مرچیں شامل کرکے تھوڑی دیر کے لیے دم پر لگا دیں۔ مزیدار شنواری کڑاہی تیار ہے۔
… قیمہ …
اجزا: قیمہ ایک کلو ،دہی ایک پائو ،آلو دو عدد ،دال چنا ایک پیالی ،لہسن ادرک پیسٹ پانچ کھانے کے چمچے، ہرا دھنیا، پودینہ، ہری مرچیں حسبِ ضرورت، نمک حسب ِ ذائقہ ،گرم مسالہ دو چائے کے چمچے، انڈے دو عدد، تیل حسبِ ضرورت ، پیاز ایک عدد ، پسی ہوئی لال مرچ دوچائے کے چمچے۔
ترکیب: دیگچی میں قیمہ، آلو ،دال چنا ،لہسن، ادرک کا پیسٹ ،گرم مسالہ ،لال مرچ اور نمک ڈال دیں۔ پھر اس میں دوکپ پانی شامل کر کے 20۔25منٹ تک پکائیں۔ ٹھنڈا ہونے پر سل یا چوپر میں پیس لیں۔
اس کے بعد اس میں ہرا مسالہ اور پیاز باریک کاٹ کر ملا دیں۔ ہاتھ کی مد د سے اچھی طرح مکس کرلیں اور حسب ِ پسند سائز کے کباب بنا کے آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ انڈے پھنیٹ لیں اور کباب میں لگا کر درمیانی آنچ پر گولڈن ہونے تک تلیں۔ ہری چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔
…مٹن چاپس…
اجزاء: مٹن چاپس ایک کلو، تیل ایک پیالی، دہی ایک پیالی، لیموں کا رس تین سے چار کھانے کے چمچے، کچا پپیتا (پسا ہوا) ایک کھانے کا چمچہ، نمک حسب ِضرورت، پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ، کٹی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، ادرک لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچے، پسا ہوا گرم مسالہ ایک کھانے کا چمچہ، کوئلہ ایک عدد۔
ترکیب: تیل، دہی، لیموں کا رس، پپیتے کا پیسٹ، نمک، پسی لال مرچ، کُٹی لال مرچ، ادرک لہسن کا پیسٹ اور گرم مسالے کو چاپس پر اچھی طرح لگا کر تین چار گھنٹےکے لیے فریج میں رکھ دیں۔پھر ان چاپس کو اسٹیم کر لیں۔ آخر میں کوئلے کی دھوانی دیں یا پھر گرل پین پر گرل کر لیں۔ تیار ہونے پر میش آلو کے ساتھ پیش کریں۔
…چانپ بریانی…
اجزاء: مٹن چانپیں ایک کلو، باسمتی چاول ایک کلو ، قیمہ ایک کپ، ٹماٹر چار عدد بلینڈ کیے ہوئے، ابلے ہوئے ٹماٹر چار عدد، پیاز تین عدد، ہری مرچ حسب ذائقہ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ، ادرک لہسن دو دو کھانے کے چمچے، دہی ایک کپ، کلونجی آدھا چائے کا چمچہ، الائچی دو عدد، دارچینی دو کھانے کے چمچے، گھی ، یخنی اور لیمن کلر حسب ضرورت۔
ترکیب: ایک دیگچی میں گھی گرم کر کے پیاز سنہری تل کر پلیٹ میں نکال لیں۔ اب تیل میں آدھے قیمہ میں ادرک، لہسن، زیرہ، الائچی اور دار چینی ڈال کر اچھی طرح فرائی کرلیں، ساتھ ہی دہی اور ٹماٹر شامل کر کےتل لیں، بعدازاں ہری مرچیں، چاول اور پانی ڈال کر ابال آنے دیں۔
ایک دیگچی میں چاول کی تہہ بچھائیں، پھر قیمہ، تلی ہوئی پیاز ، ادرک، لہسن اور نمک ڈال کر تہہ بچھائیں۔ چانپ پہلے سے اُبال لیں اور گرم گھی میں تل لیں۔اس کی بھی تہہ لگا کر دم دے دیں۔ گرم گرم بریانی تیارہے۔
…شیر خرما…
اجزاء: چھوہارے آدھا پاؤ، کھوپرا آدھا پاؤ، کشمش ايک چھٹانک، چھوٹی الائچی چھ عدد، پستہ پچاس گرام، سوئیاں ايک پاؤ، دودھ ايک کلو، چینی حسبِ ذائقہ، لونگ دو عدد، بادام پچاس گرام، گھی حسبِ ضرورت
ترکیب: سوئیوں کو اُبال کر ان ميں تھوڑا سا گھی ملائیں اور الگ رکھ دیں، چھوہارے باريک کاٹ لیں۔ بادام اور پستے بھی کاٹ لیں۔ اب حسب منشاء گھی ميں لونگ اور الائچی کے دانے ملا کر ہلکی آنچ پر سرخ کر ليں، اس کے بعد اُبلتے ہوئے دودھ ميں کٹا ہوا سارا ميوہ ملا دیں، پھر تھوڑی دير تک پکائیں، پھر اتار کر ابلی ہوئی سوئیاں اس میں ملا دیں اور حسب ذائقہ شکر ملا کر پکنے دیں۔ اتنا پکائیں کہ سوئیاں اور دودھ يک جان ہو جائیں اور گاڑھا پن آجائے، حسب منشاجتنا گاڑھا کرنا چاہیں کر لیں، مزيدار شیر خرما تیار ہے۔
…رس ملائی…
اجزاء: خشک دودھ ایک کپ، انڈا پھینٹا ہوا، ایک عدد، تیل تین سے چار کھانے کے چمچے، بیکنگ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، دودھ ایک کلو ،چینی ایک کپ، پستہ بادام حسبِ ضرورت ۔
ترکیب: خشک دودھ، انڈا، بیکنگ پاؤڈر اور تیل ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔جب مکس ہو جائے تو اس کی بالز بنا لیں۔ پھر ایک دیگچی میں دودھ اْبال لیں اور ساتھ ہی چینی شامل کرکے دس سے بارہ منٹ تک پکائیں اور گاڑھا کرلیں۔ اس کے بعد وہ بالز ڈال دیں، پھر ان رس ملائیوں کے ساتھ مزید چانچ منٹ پکائیں اور پھر ٹھنڈا کر لیں۔ اب ایک پیالے میں نکال کر پستہ بادام سے گارنش کر لیں اور پیش کریں۔