آمنہ خان
عید الاضحی کے موقعے پر ہر گھر میں گوشت کی فروانی ہوتی ہے اسے دیکھ کر نہیں بلکہ قربانی سے قبل ہی خواتین کو یہ فکر لاحق ہوجاتی ہے کہ گوشت کو محفوظ کیسے کیا جائے۔ عید سے قبل ہم آپ کی یہ پریشانی دور کر دیتے ہیں۔ ذیل میں آپ کو کچھ طریقے بتا رہے ہیں، ان پر عمل کر کے آپ گوشت کو باآسانی کئی دنوں تک محفوظ کرسکتی ہیں۔
٭گوشت جلدی گلانے کے لیے ہانڈی میں گوشت کے ساتھ کچا پپیتا ،کچی انجیر ڈال دیں ۔ ٭گوشت فریز کیا ہے تو اسے پکانے سے قبل ایک دو گھنٹے پہلے فریزرسے نکال لیں جب نرم ہوجائے تو چھالیے کے دو موٹے ٹکڑے یا انجیر رکھ دیں جب پکانے لگیں تو چھالیہ نکال دیں یہ جلدی پک جائے گا۔ گوشت فریزر سے نکال کر پکائیں تو فوراً مت پکائیں بلکہ پہلے دو تین گھنٹے پانی میں بھگو کر نرم کر لیں ،بہ صورت دیگرگوشت سخت ہوجائے گا ۔ ٭کچے گوشت کو اگر زیادہ دن بغیر فریج کے محفوظ رکھنا ہو تو ململ کے کپڑے پر سر کہ اتنا لگائیں کہ کپڑا گیلا ہوجائے، پھر ا س میں گوشت رکھ کر اچھی طر ح ڈھانپ دیں ۔ ٭ نمک ڈال کر گوشت کو پانی میں پکالیں پھر دیگچی کو کسی ٹھنڈی جگہ یا ٹھنڈے پانی کے برتن میں رکھ دیں۔
ایسا کرنے سے بھی گوشت دو تین دن فریز کے بغیر رہ سکتا ہے ۔ ٭اگر گوشت کے سلا ئس بنانا چاہتی ہیں تو پہلے گوشت کے پارچے فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کرلیں۔ کیوں کہ گرم گوشت کے پارچے ٹھیک نہیں بنتے ہیں ۔٭یخنی بناکر فریج میں رکھ دیں جب چکنائی جم جائے تو چمچے سے نکال دیں۔ ٭اگر آپ گوشت روسٹ کرناچاہتی ہیں تو گوشت پر تھوڑا سا سرکہ اور تیل لگا کر رات بھر رکھ دیں۔
صبح جب آپ ا س کو پکائیں گی تو یہ بہت نرم اور خستہ بنے گا ۔آپ زیتون اور نمک بھی ملا سکتی ہیں۔ یخنی بنانے کے بعد اسے چھان لیں اور پلاسٹک کی تھیلیوں میں ڈال کر فریز کردیں ۔حسبِ ضرورت فریزر سے نکال کر استعمال کریں، پھر ایک کپڑے میں برف کے چند ٹکڑے رکھ کر یخنی کے اوپر پھیریں ۔ ٭اگر گوشت کئی ماہ فریز کرنا ہوتوگوشت میں تھوڑا زیادہ نمک ڈال کر پکالیں۔ پانی خشک ہوجائے تو اس میں تیل شامل کر کے ٹھنڈا کرلیں۔ اب تھیلی میں رکھ کر فریز کردیں۔