چیچہ وطنی‘جھنگ( نیوزایجنسیاں )مسلم لیگ (ن)کی نائب صدرمریم نواز نے پی ٹی آئی چیئرمین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان چور بھی ہے اور جھوٹا بھی ہے‘ .
وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عمران خان کی وجہ سے کیا مگر اب تمام مشکل فیصلے ہوچکے ہیں اور اب اچھا وقت آئے گا‘مشکل وقت گزر گیا ، اب روز خوشخبریاں آئینگی‘ملک کو ترقی کی راہ پر چلائیں گے ‘
مسلم لیگ ن کا مقابلہ عمران خان سے نہیں، نااہلی، مہنگائی اور پنجاب دشمنی سے ہے‘شہباز شریف عوام کے لیے بہت بڑے ریلیف کا اعلان کرنے والے ہیں،عوام کی زندگیوں میں سکون لانے تک ایک منٹ بھی چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
جھنگ اور چیچہ وطنی میں عوامی جلسوں سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پنکی پیرنی کا جادو نہیں چلے گا، پنجاب کے عوام کو ریلیف ملتا ہے تو فتنہ خان کو تکلیف پہنچتی ہے، ہم عمران خان کو عوام کی چوری نہیں بخشیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی پنجاب دشمن ہے، پنجاب کے بچے غریب ہو گئے لیکن پنکی کے بچے امیر ہو گئے ۔
عمران خان کے دور میں گوگی پنکی اکنامک کوریڈور نے ترقی کی ‘فرح گوگی پورا پنجاب لوٹ کر کھا گئی ۔
ان کا کہنا تھا کہ 90 دن میں کرپشن ختم کرنے والے نے کرپشن کا نیا ماڈل متعارف کروایا، طیبہ گل کو ڈیڑھ ماہ وزیر اعظم ہاؤس میں رکھا، وزیر اعظم ہاوس کو فتنہ خان نے اغوا کا اڈا بنا دیا، عمران خان دور میں ایک کروڑ سے زائد لوگ نوکریوں سے گئے ۔ بڑی بد قسمتی ہے کہ 4 برس میں فتنہ خان نے 4 منصوبے بھی نہیں گنوائے۔
یہ کمال منافق شخص ہے جس کے روز کرپشن کے قصے کھلتے ہیں مگر مجال ہے کہ کبھی مڑ کر اس نے جواب دیا ہو۔مجال ہے کہ اس شخص نے عوامی عدالت میں اپنی صفائی پیش کی ہو، صفائی وہ لوگ پیش کرتے ہیں جن کا دامن صاف ہو، جس کا دامن کرپشن سے بھرا پڑا ہے وہ عوام کو کیا صفائی دے گا۔
کتنی بڑی بدقسمتی ہے کہ انسان کتنا بھی چاہے جعلی حکمران ہو مگر چار سال اقتدار میں رہنے کے باوجود اس کے پاس بتانے کے لیے چار کام بھی نہ ہوں، نہ ہی بتانے کے لیے کوئی چار منصوبے ہوں، فتنہ خان چار منصوبوں کو چھوڑو کوئی ایک ہی منصوبہ عوامی بھلائی کا کیا ہے تو وہ ہی بتا دو۔یہ پہلا حکمران ہے جس نے توشہ خانہ اور بیت المال کو اپنا ذریعہ معاش بنایا۔
بشری بی بی رشوت میں انگوٹھیاں لے کر لوگوں کی فائلوں پر عمران خان سے دستخط کروایا کرتی تھی، اس طرح پنجاب کے عوام کا استحصال ہوا ہے، کیا اس سے بڑا کوئی پنجاب کا دشمن ہے۔