• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن کا الزام، فرح خان اور شیخ رشید طلب

لاہور، راولپنڈی (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) کرپشن کے الزامات پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو اینٹی کرپشن نے15جولائی جبکہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان کونیب نے20جولائی کوپیش ہونےکانوٹس جاری کیا ہے، ہائوسنگ سوسائٹی کوفروخت کی گئی زمین کی سرکاری فیس میں خوردبرد کے الزام پر شیخ رشید کے علاوہ سوسائٹی انتظامیہ کوبھی طلب کیا گیا ہے، شیخ رشید نے ردعمل میں کہا کہ ،50،60سال سے زمین میرے پاس، سیاسی دبائو کیلئے کیس بنائے جارہے ہیں، فرخ خان اور دیگر شخصیات کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں اورمنی لانڈرنگ کی انکوائری کی جاری ہے،نیب نے متعلقہ دستاویزات ساتھ لانےکی ہدایت کردی،فرح خان کا فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں پلاٹ کی خریداری پر مقدمات خارج کرنے کیلئے اینٹی کرپشن کو قانونی نوٹس جاری کردیا، سرکاری فیس کی ادائیگی میںمبینہ طورپرکروڑوں روپے کے غبن کی تحقیقات میں سابق وفاقی وزیرشیخ رشیدکو اینٹی کرپشن پنجاب نےطلب کرلیا۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کی بیچی گئی زمین کی سرکاری فیس کی ادائیگی میں خوردبردکی گئی۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے تحقیقات کیلئے شیخ رشید کو 15جولائی کو طلب کیاہے۔اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہےکہ شیخ رشیدکو زمین کی فروخت کے ریکارڈ کے ساتھ اینٹی کرپشن ہیڈ آفس لاہور پیش ہونےکی ہدایت کی گئی ہے۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق تحقیقات کیلئے اینٹی کرپشن نے ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ کوبھی طلب کیا ہے۔ شیخ رشید نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں اینٹی کرپشن میں پیش ہوں گا، سیاسی دباؤ ڈالنے کیلئے کیس بنائے جا رہے ہیں، گرفتاری کرنا ہے تو کر لیں، یہ تو بتائیں کیس کیا ہے، اینٹی کرپشن نے طلب کیا ہے تو دیکھتے ہیں کیا کہتے ہیں، 50، 60 سال سے زمین میرے پاس ہے۔ ادھر نیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان کو نوٹس جاری کردیا۔نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثے اور منی لانڈرنگ انکوائری کے باعث فرح خان کو نوٹس جاری کیا ہے۔ نیب کے نوٹس کے مطابق 20 جولائی کو متعلقہ دستاویزات کے ہمراہ پیش ہوں۔نیب کا کہنا ہے کہ فرح خان اور دیگر شخصیات کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ انکوائری جاری ہے۔خیال رہے کہ فرح خان سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ خان کی دوست ہیں اور موجودہ حکمراں جماعتوں اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے ان پر کرپشن کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں پلاٹ کی خریداری پر فرحت شہزادی عرف فرح خان کے خلاف درج مقدمات خارج کرنے کیلئے اینٹی کرپشن کو قانونی نوٹس بھیج دیا گیا، وکیل اظہر صدیق نے نوٹس میں محکمہ اینٹی کرپشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا ہے،متن میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پلاٹوں کے لین دین سے متعلق معاملہ اینٹی کرپشن کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، پلاٹ قانونی طور پر مارکیٹ ریٹ سے زائد پیسے دیکر خرید کیا گیا ہے،ایک قسط ادا کر دی گئی ہے اسکے بعد حکم امتناعی جاری ہو چکا ہے، ایاز صادق نے بھی فیڈمک میں پلاٹ لیا لیکن مجھ سے بھی کم قیمت ادا کی، اینٹی کرپشن کے پاس اس کیس میں تحقیقات کرنے کا اختیار نہیں ہے،سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے مقدمات فوری واپس لیے جائیں،اینٹی کرپشن نے مقدمات درج کیے لیکن مقدمات کی نقول فراہم نہیں کیں، رجسٹری فرح خان کے نام نہیں ہے، اینٹی کرپشن مقدمات واپس لے ورنہ اعلیٰ عدالت سے رجوع کیا جائیگا۔

اہم خبریں سے مزید